گوادر کے ساحل کے قریب سمندر میں تیز ہوائیں چلنے کے سبب لہروں میں شدت آگئی جس سے ساحل کےقریب اور ساحل پر ماہی گیروں کی لنگر انداز کئی کشتیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
بلوچستان کی ساحلی پٹی پر گوادر کے مقام پر سمندر میں تیز ہوائیں چلنے کے باعث سمندر کی لہروں میں شدت آگئی ہے، دیمی زر والے حصے سمیت شہر کے مختلف مقامات کی ساحلی پٹی پر لہروں کی شدت سے ساحل پر لنگر انداز ماہی گیروں کی کئی کشتیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق کچھ کشتیاں ٹوٹ گئی ہیں اور کچھ کو جزوی نقصان پہنچا ہے، محکمہ فشریز گوادر کے حکام کے مطابق ساحل پر سمندری لہروں سے متاثرہ کشتیوں کو ریسکیو کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
محکمہ فشریز گوادر کے حکام کا کہنا ہے کہ ساحل پر سمندری پانی اور ریت میں دھنسی ہوئی کشتیوں کو نکالا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گوادر کے قریب سمندری لہروں میں شدت آنے سے کئی کشتیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔