• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصباح الحق اور وقار یونس کا انڈر۔19 کیمپ کا دورہ

مصباح الحق اور وقار یونس کا انڈر۔19 کیمپ کا دورہ


پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کیمپ کا دورہ کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کو مفید مشورے دیے۔

ساؤتھ افریقا میں ہونے والے انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کی تیاری کے لیے پاکستان ٹیم کا ٹریننگ کیمپ لاہور میں جاری ہے، لیکن بارش کے باعث کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے انڈور اسکول میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔

پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس نے بھی جونیئر ٹیم کے کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ سابق کرکٹرز نے نوجوان کھلاڑیوں کو اہم مشورے بھی دیے۔

ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ اپنی شناخت بنانے کے لیے انڈر۔19 ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے انڈر۔19 کھلاڑی قومی ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: سرفراز احمد کے انڈر-19 ٹیم کو مفید مشورے

بولنگ کوچ وقار یونس نے فاسٹ بولرز کے ساتھ خصوصی طور پر کام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں۔

بولنگ کوچ نے ٹیم کو کھیل پر فوکس کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولرز کو ساؤتھ افریقا کی پچز سے بڑی مدد ملتی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز وکٹ کیپر بیٹسمین اور قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور میں قومی انڈر۔19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی تھی اور نوجوان کھلاڑیوں کو مفید مشورے دیے تھے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آئی سی سی انڈر-19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے منتخب کردہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں اور یہ اسکواڈ ورلڈکپ جیتنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔

آئی سی سی انڈر-19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کی تیاریوں کے لیے قومی انڈر-19 کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم جنوری سے این سی اے میں جاری ہے۔

9 روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کے بعد قومی انڈر-19 اسکواڈ 10 جنوری کو جنوبی افریقا روانہ ہوگا، جہاں میگا ایونٹ کا آغاز 17 جنوری سے ہوگا۔

تازہ ترین