بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں میکانگی روڈ پر ایف سی کی گاڑی کے قریب ہونے والے بم دھما کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے قریبی دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق منگل کی شام پانچ بجے میکانگی روڈ پر لیڈی ڈیفرن اسپتال کے قریب ایف سی کی گاڑی کے قریب زوردار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو ایف سی اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹرز، پیر میڈیکل اسٹاف اور سرجنز کو طلب کرلیا گیا ہے۔
واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقےکو گھیرے میں لے لیا، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کی ٹیکنیکل ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی، حکام کے مطابق بم دھماکے میں 6 سے 7 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔
میکانگی روڈ کے اسی مقام پر پہلے بھی تین دھماکے ہوچکے ہیں۔
صوبائی وزیر داخلہ ،جمعیت علما ءاسلام نظریاتی اور دیگر جماعتوں نے بھی میکانگی رود دھماکے کی مذمت کی ہے ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بزدل دہشتگرد شہر اور صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔
ملک دشمن عناصر امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں، صوبائی وزیر داخلہ
دوسری جانب وزیر دارخلہ بلوچستان ضیاء کانگو نے کہا کہ ملک دشمن عناصر امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کی جاچکی ہیں۔
صوبائی وزیر داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی سخت سیکیورٹی اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔