کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل کے پہلے سوال عدالت نے بغیر ثبوتوں نیب کی گرفتاری کے کلچر پر سوال اٹھادیئے،احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نیب ترمیمی آرڈیننس جن لوگوں کو نوازنے کیلئے لایا گیا انہیں ہی فائدہ دیں، کیا ن لیگ کا فیصلہ درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ احسن اقبال نے نیب ترمیمی آرڈیننس کا فائدہ نہ لے کر درست فیصلہ کیا، نیب ترمیمی آرڈیننس سے میرٹ پر کوئی ریلیف مل سکتا ہے تواحسن اقبال کو فلمی رویہ اپنانے کے بجائے فائدہ لے لینا چاہئے۔بابر ستار نے کہا کہ احسن اقبال نے نیب ترمیمی آرڈیننس کا فائدہ نہ لے کر درست فیصلہ کیا ہے، نیب لوگوں کے بارے میں کہانیاں بناتی ہے لیکن کچھ ثابت نہیں کرپاتی ، مفتاح اسماعیل، شاہد خاقان عباسی ، رانا ثناء اللہ اور احسن اقبال کو جتنے عرصے جیل میں رکھ لیا یہی ان کی سزا ہے کیونکہ نیب ان کیخلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے گی۔ سلیم صافی کا کہنا تھا کہ نیب محض ڈرامہ ہے جو انتقام کیلئے بنایا گیا ہے، پی ٹی آئی اور ق لیگ کی طرح جس کے معاملات ٹھیک ہوں گے وہ کچھ بھی کرلیں انہیں کچھ نہیں کہا جائے گا، ن لیگ کی طرح جن کے معاملات بگڑے ہوں گے وہ کچھ کریں یا نہ کریں گرفتار ہوجائیں گے، مسلم لیگ ن کے لوگوں کو پتا ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے اتفاق سے اپنے لیے دوبارہ جگہ حاصل کرلی ہے اس لئے اب ن لیگ کے سب رہنما چھوٹتے جائیں گے۔