وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیرخارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ جنگ کا ارادہ نہیں رکھتے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایرانی حملے میں جانی نقصان نہیں ہوا ہے، امریکا میں بھی ایک بہت بڑا طبقہ ہے جو نئی جنگ نہیں چاہتا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری کو شش ہے کہ خطےمیں کشیدگی نہ ہو، پاکستان امن کا خواہشمند ہے، گفت وشنید سے معاملات حل ہونے چاہیے، طاقت کے استعمال سے معاملات بگڑجائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاملات کی بہتری کے لیے اقوام متحدہ اور سیکیورٹی کونسل کو کردار ادا کرنا چاہیے۔
شاہ محمود قریشی نے بھارت میں جاری مسلمانوں کے خلاف جاری مظالم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بھی حالات مزید بگڑتے جارہے ہیں، یونیورسٹی واقعے کے بعد پورے بھارت میں طلبہ سراپا احتجاج ہیں۔
واضح رہے کہ ایران کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے عراق میں امریکی اڈوں پر حملے میں 80 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی حملوں میں امریکی ہیلی کاپٹرز اور فوجی ساز و سامان کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا کہ امریکی صدر کا ’’سب ٹھیک ہے‘‘ کا بیان نقصان کو چھپانے کی کوشش ہے۔