کراچی کو سندھ سے ملانے والی اہم ترین شاہراہ سپر ہائی وے پر واقع گوٹھ کے گھر میں گھس کر فائرنگ کے واقعے میں بچہ جاں بحق جبکہ ایک خاتون اور بچہ زخمی ہو گیا۔
سپرہائی وے کے نواحی علاقے غریب آباد گوٹھ میں فائرنگ کا واقعہ سندھ کے شہر شہدادکوٹ میں خاندانی تنازع پر قتل کی ایک واردات کا جوابی ردعمل ہے جس میں ایک کم سن بچہ جاں بحق جبکہ اس کا چھوٹا بھائی اور خاتون خانہ شدید زخمی ہیں۔
ایس ایس پی ضلع شرقی تنویر عالم اوڈھو کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کی حدود غریب آباد گوٹھ میں رہائش پذیر تاج محمد جمالی کے گھر پر ان کے قریبی رشتے دار آئے۔
اہل خانہ نے ان کا استقبال کیا، انہیں گھر میں بٹھایا اور ملزمان نے انڈے پراٹھے کا ناشتہ تیار کرنے کی فرمائش کی،جس پر اہل خانہ نے ناشتہ تیار کرکے انہیں پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیئے: لاہور، نیو ایئر نائٹ پر فائرنگ سے زخمی بچی چل بسی
ناشتہ کرنے کے بعد ملزمان نے گھر میں موجود خاتون خانہ شازیہ کو گولیاں ماریں، اسی طرح گھر کے باہر گلی میں کھیلتے ہوئے تاج محمد جمالی کے 2 بیٹوں 5 سالہ ماجد اور 4 سالہ یاسین کو ڈھونڈ کر گولیوں کا نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں ماجد جاں بحق جبکہ یاسین اور تاج محمد کی بھابھی شازیہ زخمی ہوگئی۔
ایس ایس پی کے مطابق تاج محمد جمالی نے 5 ماہ قبل خاندانی تنازع پر سندھ کے شہر شہداد کوٹ میں اپنے قریبی رشتے دار کو قتل کر دیا تھا اور خوں اہلِ خانہ کے ہمراہ فرار ہو کر کراچی آ گیا تھا اور کرائے کہ اس گھر میں مقیم ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مخالف فریق تاج محمد کے قریبی رشتہ دار ہیں، اہلِ خانہ نے ملزمان نواب اور دلدار کے خلاف رپورٹ درج کرائی ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں سالِ نو پر ہوائی فائرنگ، 7 زخمی
پولیس کے مطابق مخالف فریق تاج محمد کے قریبی رشتہ دار ہیں جو مبینہ طور پر آج صبح تاج محمد کو قتل کرنے کی غرض سے اس کے گھر میں گھسے، گھر میں موجود نہ ہونے پر تاج محمد تو بچ گیا، مگر اس کے گھر کے افراد کا جانی نقصان ہوا ہے۔
ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس اس سلسلے میں تحقیقات کر رہی ہے۔