صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے کوئٹہ کی مسجد میں دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔
وزیراعظم نے دھماکے کے حوالے سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے ۔
کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں ہونے والے زور دار دھماکے میں ڈی ایس پی حاجی امان اللّٰہ سمیت 15 افراد شہید اور 20 زخمی ہوگئےتھے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ جاں بحق افراد کی میتیں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔
دھماکے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی امان اللّٰہ کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ کالج سریاب روڈ میں تعینات تھے، ان کے بیٹے نجیب اللّٰہ کو ایک ماہ قبل نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا تھا۔
قائم مقام گورنرعبدالقدوس بزنجو، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نےبھی دھماکے کی مذمت کی ۔