• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش کے باعث دبئی ائر پورٹ پر پروازوں کا شیڈول شدید متاثر

بارش کے باعث دبئی ائر پورٹ پر پروازوں کا شیڈول شدید متاثر


دبئی میں بارش کے باعث دبئی ایئر پورٹ پر پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے۔ رن وے پر پانی بھرنے سے کئی جہازوں کو پارکنگ نہ مل سکی۔

لاہور سے دبئی جانے والی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز دو گھنٹے سے اپنے مسافروں کو اتار نہ سکی۔

ذرائع کے مطابق جہاز رن وے پر موجود رہا، مگر پارکنگ میں بھی پانی جمع ہونے کی وجہ سے مسافروں کو اُتارا نہیں جا سکا۔

ایئرپورٹ حکام نے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئر کرافٹ پر سیڑھیاں نہیں لگائی جاسکتیں۔

مزید دو گھنٹے میں ایئرپورٹ پارکنگ کو کلئیر کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دبئی میں شدید بارشوں کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

اماراتی محکمہ موسمیات کےمطابق ابوظہبی، دبئی، شارجہ، عجمان، راس الخیمہ، فجیرہ سمیت متعدد شہروں میں شام تک بارش جاری رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ بارشوں کے ساتھ تیز سر ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق امارات میں موسلادھار بارشوں کے سبب دبئی کے لیے پروازیں متاثر ہوسکتی ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا، جس کی وجہ ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے جبکہ عوام کو غیر ضروری طور پر دبئی کی بڑی شاہراہوں پر نکلنے سے منع کیا گیا ہے۔

گلف نیوز میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج بھی مطلع ابر آلود رہنے اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق خاص طور پر شمال، مشرقی اور کچھ ساحلی اور اندرونی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

تازہ ترین