پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور نامور وکیل اعتراز احسن نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اور اپوزیشن کی بڑی جماعت مسلم لیگ ن میں این آر او ہوگیا ہے۔
الحمرا ہال لاہور میں 2 روزہ تھنک فیسٹیول کے افتتاحی سیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ 1985ء سے نواز شریف پر اعتبار نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کہتے رہ گئے مگر این آر او تو ہوگیا، نواز شریف (ن) لیگ کے ووٹ بیچ کر باہر چلے گئے۔
اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ میاں صاحب نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کے لیے بہت زیادہ پھرتی دکھائی، پیپلزپارٹی آرمی ایکٹ میں ترمیم کے لیے ووٹ دینے کے حق میں نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بدقسمتی سے سویلین بالادستی کبھی نہیں رہی، ایک فوجی نواز شریف کو گرفتار کرکے سارے خاندان سمیت سعودی عرب بھیج دیتا ہے۔
پی پی کے سینئر رہنما نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے پیسے نہیں دیے، انہوں نے 80 ایم این ایز کے ووٹ بیچ دیے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے مارشل لاء لگا کر غلط کیا، آرمی چیف کے پاس کوئی اختیار نہیں کہ وہ آئین معطل کرے۔
اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی بات پر کوئی یقین کرنے کو تیار نہیں کہ وہ اپنے بیان پر قائم رہیں گے، وہ تو سعودی عرب سے فون آنے پر ہی اپنی بات سے پھر جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قابلیت پر شک نہیں، وہ ایک نوجوان سے قد آور سیاستدان کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
پی پی رہنما نے بھارتی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریت بل نریندر مودی کے لیے وبال جان بن گیا ہے، بھارتی ہندو بھی وہاں کے مسلمانوں کا ساتھ دے رہے ہیں، اب بھارتی وزیراعظم کی جان چھوٹنے والی نہیں۔