راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی کے سینئر افسران سےمبینہ ناروا رویے پرموٹر برانچ میں تعینات انسپکٹر سلیم صادق بٹ کو ضلع بدر کر کے جہلم بھجوا دیا گیا جبکہ متعلقہ انسپکٹر کیخلاف انکوائری کا بھی حکم دیدیا گیا ، اسسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر اورنگزیب کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق راولپنڈی ایکسائز آفس کے اعلٰی حکام کی سفارش پر ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے انسپکٹر سلیم صادق بٹ کے تبادلے کے احکامات جاری کیے اور گذشتہ روز موٹر رجسٹرنگ اتھارٹی نے متعلقہ انسپکٹر کو ریلیو بھی کر دیا ، ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن تنویر عباس گوندل نے اس حوالے سے بتایا کہ متعلقہ انسپکٹر کا اپنے سینئر افسران ای ٹی او ایڈمن اور ایم آر اے کے ساتھ رویہ صحیح نہیں تھا اور شہریوں کو بھی ان کے رویے پر شکایات تھیں جس پر ان کا جہلم تبادلہ کیا گیا ہے۔ایکسائز انسپکٹر سلیم صادق بٹ نے رابطہ کرنے پر بتا یا کہ میرا ہمیشہ سے ہی افسران سے رویہ بہت اچھا رہا ہے اس پر مجھے دو ایوارڈ بھی مل چکے ہیں جبکہ میرے خلاف پہلے سے ہی انکوائری کا عمل شروع ہے دوران انکوائری کیسے تبادلہ کیا جاسکتا ہے۔