تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: عائشہ مہر
ملبوسات:علی کاظمی
آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر
عکاّسی:ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
امجد اسلام امجد نے کیا خُوب کہا ہے؎’’موسم موسم آنکھوں کو اِک سپنا یاد رہا …صدیاں جس میں سِمٹ گئیں، وہ لمحہ یاد رہا…قوسِ قزح کے رنگ تھے ساتوں اُس کے لہجے میں…ساری محفل بھول گئی، وہ چہرہ یاد رہا۔‘‘کچھ صُورتیں اس قدر پیاری ہوتی ہیں کہ دیکھتے ہی دِل میں گھر کرجاتی ہیں۔اور اچھی صُورت کے ساتھ اگرخُوب صُورت،دِل کش پیراہن سے آراستہ و پیراستہ بھی ہولیا جائے۔تو گویا آنکھوں کے رستے سیدھے دِل میں اُترنے کا سامان ہوجائے ۔
تولیجیے، آج ہم نے اپنی بزم کچھ ایسےحسین و دِل رُبا رنگ و انداز سے مرصّع کی ہے کہ جو نہ صرف پیاری صُورتوں پر جچیں گے،بلکہ جس کی بھی نظرِ انتخاب اِن پر ٹھہرے گی، وہ بھی آپ ہی آپ پیارا لگنے لگے گا۔
ذرا دیکھیے، نارنجی اور عنّابی رنگوں کے دِل کش امتزاج میں ٹراؤزر اور قدرے گھیر دارفراک کس قدرحسین لگ رہاہے ۔خاص طور پرنیٹ سلیوز کے منفرد انداز کے تو کیا ہی کہنے، پھرلباس کے ساتھ ہم آہنگ دوپٹے کی جاذبیت بھی کچھ کم نہیں۔کاٹن چکن کے سفید رنگ بیل باٹم کے ساتھ ہلکے زرد رنگ کی انگرکھا اسٹائل قمیص پرسلور زری ورک خُوب جچ رہاہے،توگلابی رنگ ٹائٹس اور نیٹ کی لائٹ ٹرکوائز رنگ شرٹ کے ساتھ نیٹ اَپر کی ہم آمیزی بھی اچھا لُک دے رہی ہے۔اور موسم کی مناسبت سے طلائی رنگ بنارسی کم گھیر کی شلوار کے ساتھ ویلویٹ کی گہرےجامنی رنگ کی قمیص اوربھاری کام دارویلویٹ شال کے انتخاب نے توماڈل کے ساتھ ساتھ موسم کے حُسن کو بھی چار چاند لگا دئیے ہیں۔