• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کام مکمل، بجلی کی فراہمی بحال کردی ،کیسکو

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی مختلف ٹیموں نے کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں کام مکمل کرکے بجلی کی فراہمی بحال کردی ہے۔اس سلسلے میں گلستان روڈ، حالی روڈ، خوجک روڈ، مدرسہ روڈ،ریلوے سوسائٹی، جائنٹ روڈ، انسکمب روڈ، مری آباد اور طوغی روڈپر بجلی کے تاروں پر گرے ہوئے درخت کاٹے گئے جس کے بعد گزشتہ روز جزوی طورپرچلنے والے 11KV گلستان، جناح روڈ، طوغی روڈفیڈروں کے علاوہ دیگر متاثرہ فیڈروں کی بجلی بھی مکمل طورپر بحال کردی گئی ہے اوراب کوئٹہ شہرمیں تمام فیڈرزسے معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے جبکہ صارفین کی انفرادی شکایات کابھی ہرممکن ازالہ کیاجارہاہے۔ترجمان نے کہاکہ کوئٹہ شہرمیں سب سے زیادہ گلستان فیڈرمتاثرہواتھاجس پر تکنیکی خرابی کو دورکرنے کے لئے اس فیڈرزسے منسلک متعلقہ علاقوں میں کھمبوں کے ساتھ لگے درخت کاٹے گئے جبکہ ٹوٹے ہوئے تاروں کی مرمت کاکام بھی مکمل کرلیاگیا اور اب گلستان روڈپر معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے جبکہ دیگر علاقوں کی بھی بجلی اب مکمل طورپربحال ہے۔ اسی طرح زیارت کان مہترزئی مسلم باغ قلعہ سیف اللہ قلات اور مستونگ کے علاقوں میں برف باری کی وجہ سے بھی متعدد 11KVفیڈروں کی بجلی بحال جبکہ کچھ فیڈرزکی بجلی جزوی طورپربحال کردی گئی ہے۔برف باری کے باعث کچھ متاثرہ علاقوں میں زمینی راستے بند ہونے کی وجہ سے کیسکوکی ٹیموں کوبجلی کی بحالی میں مشکلات کا سامنا ہے۔متعلقہ علاقوں میں زمینی راستے بحال ہوتے ہی وہاں پربھی بجلی کی بحالی کاکام شروع کردیاجائے گا۔ علاوہ ازیں جن علاقوں میں بجلی بحال نہیں ہوسکی ہے وہاں پر بھی بجلی کی بحالی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ترجمان نے شدید برف باری کے باعث بجلی معطل ہونے سے متعلقہ صارفین کو پیش آنے والی مشکلات اورزحمت پر معذرت کی ہے۔کیسکوترجما ن نے صارفین کو بجلی کے حادثات سے بچاؤ کے لئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ بجلی حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے تمام تراحتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ 
تازہ ترین