• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

وسیم اکرم کیلئے غیرملکی ایئرلائن بنی تلاش کنندہ

وسیم اکرم کیلئے غیرملکی ایئرلائن بنی تلاش کنندہ


پاکستانی لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم کے لیے غیرملکی ایئر لائن کمپنی تلاش کنندہ بن گئی اور ان کی وراثتی چیز انہیں ڈھونڈ کر واپس کردی۔

عرب ویب سائٹ پر شائع رپورٹ کے مطابق وسیم اکرم غیرملکی ایئر لائن کی پرواز سے کراچی سے دبئی کے لیے سفر کر رہے تھے کہ وہ اپنی گھڑی طیارے میں بھول گئے۔

وسیم اکرم جب سفر مکمل کرکے ایئرپورٹ سے باہر آگئے تو انہیں یاد آیا کہ وہ اپنی قیمتی گھڑی طیارے میں ہی کہیں بھول گئے ہیں۔

اپنی گھڑی سے متعلق وسیم اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام دیا اور متعلقہ کمپنی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلائٹ ایک کے 605 میں سفر کر رہے تھے اور ان کی سیٹ 10اے KHI-DXB تھی۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ انہوں نے دبئی میں ایئرلائن کے تمام کسٹمر سروسز پوائنٹ سے رابطہ کیا ہے لیکن اطمینان بخش جواب نہیں مل سکا، مہربانی کرکے کوئی مجھ سے رابطہ کرے۔

لیجنڈری فاسٹ بولر نے اس قیمتی گھڑی کے حوالے سے بتایا کہ یہ گھڑی ان کا خاندانی ورثہ ہے۔

سوئنگ کے سلطان کا ٹوئٹر پر پیغام دیکھ کر غیرملکی ایئر لائن بھی حرکت میں آگئی اور ان کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں اپنے ٹکٹ کا نمبر اور گھڑی کی چیدہ چیدہ معلومات کے ساتھ ای میل ایڈریس بھی بھجیں۔

اپنے ٹوئٹ میں غیرملکی ایئر لائن کمپنی نے کہا کہ ہم آپ کی اس قیمتی چیز کو تلاش کرنے کی کوشش کریں گے اور اس بارے میں اپنی لاسٹ اینڈ فاؤنڈ ٹیم کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ اس معاملے میں جلد آپ کو بھی آگاہ کریں گے۔

اس پیغام کے آئندہ تین روز کے بعد نجی کمپنی نے وسیم اکرم کی اس قیمتی گھڑی کو تلاش کر لیا اور آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں ان کے گھر پر پہنچادیا۔

نجی ایئر لائن کی جانب سے کال موصول ہونے کے بعد وسیم اکرم کی خوشی دیدنی تھی اور انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اس کمپنی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وسیم اکرم نے لکھا کہ اس ناقابل یقین فالو۔اپ کی وجہ سے کمپنی نے زندگی بھر کے لیے انہیں اپنا مسافر بنالیا ہے۔

کمپنی نے بھی اس ٹوئٹ کا حوصلہ افزا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ گھڑی واپس آپ کے ہاتھوں میں پہنچنے پر ہمیں خوشی محسوس ہورہی ہے، ہم پرواز میں ایک مرتبہ پھر آپ کے سوار ہونے کے منتظر ہیں۔

اس کے علاوہ غیرملکی ایئر لائن کمپنی نے عوامی آگاہی کے لیے ایک پیغام جاری کیا اور کہا کہ اگر آپ ہماری پرواز میں اپنی کوئی قیمتی چیز بھول جائیں تو جس ہوائی اڈے پر آپ اتریں وہاں موجود کمپنی کے آفس سے رابطہ کریں اور اپنی اس چیز کے بارے میں اطلاع دیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین