• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
, ,

ایمازون کے بانی کی نظریں بھارت پر، مقامی تاجروں کا احتجاج

ایمازون کے بانی کی نظریں بھارت پر، مقامی تاجروں کا احتجاج


دنیا کی سب سے بڑی ای۔کامرس کمپنی ایمازون کے بانی اور دنیا کے امیر ترین انسان جیف بیزوس نے کمپنی کی وسعت کو دیکھتے ہوئے بھارت پر نظریں جمالیں، لیکن ان کی یہ خواہش سامنے آنے کے بعد بھارتی تاجروں نے احتجاج شروع کردیا۔

جیف بیزوس اس وقت بھارت کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے نئی دہلی میں اپنی کمپنی کے ایک ایونٹ میں شرکت کی ہے۔

غیر ملکی ٹیبلائیڈ کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں تاجر برادری کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران انہوں نے بھارت میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کیا۔

بیزوس کے مطابق ان کی کمپنی بھارت میں بنائی جانی والی اشیاء کی برآمدات شروع کرے گی، جس کا ہدف 2025 تک سالانہ بنیادوں 10 ارب ڈالر ہے۔

بانی ایمازون کے اس اعلان کے بعد بھارت کے مقامی تاجروں نے اسے ان کے روزگار پر براہِ راست حملہ اور کمپنی کو دوسری ایسٹ انڈیا کمپنی قرار دے دیا۔

مقامی تاجروں کا ماننا ہے کہ دنیا کی ان بڑی ای۔کامرس کمپنیوں کی وجہ سے پہلے ہی ان کے کاروبار ماند پڑے ہوئے ہیں، جبکہ یہ منصوبہ ان کے روزگار پر کاری ضرب ثابت ہوگا۔

نئی دہلی میں احتجاج کرنے والے مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر ’جیف بھارت سے نکل جاؤ‘ کے نعرے درج تھے۔

ان افراد کا دعویٰ تھا کہ جیف بیزوس بھارت کے مقامی تاجروں کا معاشی قتل عام کر رہے ہیں۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز کے سیکریٹری سُمیت اگروال کا کہنا تھا کہ ’ہم ای۔کامرس کے مخالف نہیں ہیں، لیکن ہم بھارت حکومت اور مسابقتی کمیشن آف انڈیا (سی سی آئی) سے مطالبہ کیا ہے وہ مقامی تاجروں کو بھی ای۔کامرس کمپنیوں کی طرح کام کرنے کے یکساں مواقع فراہم کرے۔

واضح رہے کہ بھارت کی سی سی آئی کی جانب سے ایمازون کے خلاف مسابقت پر اثر انداز ہونے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

سُمیت اگروال کا کہنا تھا کہ ایمازون اور فلپ کارٹس جیسی کمپنیاں غیرمنصفانہ سبسڈیز اور اپنے من پسند تاجروں کو خوش کرنے کے لیے سسٹم خراب نہیں کر سکتیں۔

دو روز قبل سی سی آئی کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ ایمازون اور فلپ کارٹس کے خلاف یہ پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کیا جائے گا کہیں یہ دونوں کپنیاں روایتی تاجروں کو نظر انداز کرکے اپنی من پسند کمپنیوں کو پلیٹ فارم پر اشیاء کی فروخت کے لیے جگہ تو نہیں دے رہیں؟

دوسری جانب بھارت کے دورے پر موجود جیف بیزوس چھوٹی اور درمیانی کمپنیوں کی مدد کرکے انہیں ڈیجیٹلائز کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ اپنے دورے کے دوران جیف بیزوس تاجر برادری سے ملاقاتیں کرنے کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے، تاہم حکومتی عہدیدار نے ان ملاقاتوں کی تصدیق نہیں کی۔

سُمیت اگروال نے موبائل فون بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ ایمازون کے خصوصی معاہدوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ سیٹ آن لائن اچھی آفر کے ساتھ فروخت ہوں گے جبکہ دکانوں پر یہ مہنگے داموں کے فون بن کر پہنچیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگ دکانوں سے فون خریدنے کے بجائے آن لائن خریدنے پر زور دیں گے جس کا براہ راست اثر مقامی تاجر کی سیل پر پڑے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت بھارت میں 55 ہزار سے ایک لاکھ افراد ایمازون اور فلپ کارٹ کی بے رحم آفرز کی وجہ سے اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین
تازہ ترین