• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی اے جعلی سوشل میڈیا اکائونٹ ٹریس کرنیوالا سسٹم لگائے گا

اسلام آباد (ساجد چوہدری ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے وزارت کی طرف سے پیکا ایکٹ کے رولز کو کمیٹی کی ان پٹ لئے بغیر کابینہ کو بھجوانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا رولز فوری طور پر کمیٹی کو بھجوائے جائیں،کمیٹی نے پی ٹی اے کی کارکردگی پر بھی اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہایہ کیسی ریگولیٹری باڈی ہے جسے کسی چیز کا بھی پتہ نہیں ہے ، بدھ کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن سنیٹر روبینہ خالد کی سربراہی میں ہوا ،سینیٹر کلثوم پروین نے چیئرپرسن کمیٹی کیخلاف سوشل میڈیا پر غلط خبرکی تشہیر کرنے اور اعتزاز احسن کےجعلی اکائونٹس بارے رپورٹ پیش کی ، چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ اعتزاز احسن کے جعلی اکائونٹس کیوں چل رہے ہیں ، سیاستدانوں سے جو زبان منسوب کی جا رہی ہے وہ درست نہیں ،جعلی اکائونٹس بنانے والے افراد کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے ، مجھ سے لوگ مذاق کرتے ہیں کہ سونا کہاں پر رکھا ہے،سائبر کرائمز ونگ کے سروس رولز آئندہ میٹنگ میں پیش کئے جائیں،ممبر پی ٹی اے نے بتایا کہ ایک اکائونٹس کے بارے میں لکھا تھا شاید وہ بند ہو چکا ہے جس پر سنیٹر رحمٰن ملک نے کہا ایک بند کراسکتے ہیں تو دوسرے کیوں نہیں ، سکیورٹی ادارے منٹ میں جعلی اکاونٹس ٹریس کر لیتے ہیں ، پی ٹی اے کیوں نہیں کر سکتا ، فیس بک اور ٹویٹر بارے پالیسی بنانے کی ضرورت ہے ، اگر ٹویٹر جعلی اکائونٹس بند نہیں کرتا تو اس کیخلاف کیس کردینا چاہیے ، سیکورٹی کے بغیر ڈیجیٹل پاکستان ناممکن ہے ، اس کا مقصد دنیا کے ہیکرز کو مداخلت کی دعوت دینا ہے،ممبر پی ٹی اے نے بتایا کہ دو ماہ میں ایسا سسٹم لگائیں گے جو جعلی شوشل میڈیا اکائونٹ کو خود ٹریس کرے گا ، سمز رجسٹریشن کیلئے آئوٹ لٹ کو ایک لاکھ چوہتر ہزار ڈیوائسز دی ہیں، جس بندے کو ڈیوائس دی جا رہی ہے اس کی تصدیق کی ہے ،پیمرا اور پی ٹی اے کو بااختیار بنانا ہو گا ، 77ہزار جعلی سمز سرگودھا میں پکڑی گئیں، رحمٰن ملک نے کہا کہ بائیو میٹرک ڈیوائسز کو ایف آئی اے چیک کرے ، سمز کی سیکورٹی اور عوام کی سیکورٹی کیلئے پالیسی تیار کر کے پیش کی جائے ،چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ پی ٹی اے کو عام آدمی کے مفاد سے کوئی سروکار نہیں ، سروس پرووائیڈر کے مفاد کو آگے رکھا جاتا ہے،وفاقی سیکرٹری آئی ٹی شعیب صدیقی نے بتایا کہ سمز کی سیکورٹی پر کمپرومائز نہیں کیا جاسکتا ، اجلاس میں حریم شاہ کی ٹک ٹاک ویڈیوز کا تذکرہ ہوا ، چیئرپرسن کمیٹی نے کہا پاکستان ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ حریم شاہ رہی جو افسوسناک ہے، رحمن ملک نے کہا چار منسٹرز کا نام اور کچھ سنیٹرز کا نام استعمال کیا گیا ، چند پیسوں کی خاطر عزت اچھالنے والوں کو سخت سزا دی جائے، سوشل میڈیا پر ذاتی حملوں کے حوالے سے رولز بنائے ہیں، وزیر سے پوچھے بغیر اس کے ساتھ سیلفی بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی جاتی ہے، کیا متعلقہ لوگوں سے اجازت لی گئی ،پیسے بنانے کیلئے یہ حرکتیں کی جا رہی ہیں ۔
تازہ ترین