• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم اورنگزیب کا فیصل واوڈا کے استعفے کا مطالبہ


ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا کی حرکت پرعمران صاحب اور پوری کابینہ کو شرم آنی چاہیے،فیصل واؤڈا نے عمران صاحب کے حکم اور ہدایت پرگھٹیا حرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ ‎24 گھنٹے بعد بھی فیصل کے خلاف کارروائی نہ ہونا عمران صاحب کے حکم پریہ حرکت ثابت کرتا ہے۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ فیصل واوڈا جیسے لوگوں کا پارلیمان اور کابینہ میں ہونا پاکستان کی بدقسمتی ہے۔

ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران صاحب کے دباؤ پر فیصل واؤڈا کی بے نامی جائیداد پر نیب کا کوئی ایکشن اب تک نہیں ہوا ۔

واضح رہے کہ فیصل واوڈا نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی موجودگی میں بوٹ لے آئے تھے۔

انہوں نے اپنے سامنے بوٹ رکھ کر اپوزیشن جماعتوں کو ہدف تنقید بنایا، جس پر دونوں جماعتوں کے رہنما پروگرام چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

فیصل واوڈا نے اس موقع پر کہا تھا کہ ’ن لیگ نے لیٹ کر بوٹ کو عزت دی ہے، بوٹ کو چوم کر عزت دی ہے‘۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کوئی شرم، حیا ہے؟ قوم نے ان (اپوزیشن کی بڑی جماعتوں) کی اصلیت دیکھ لی۔

واقعے کے بعد مسلم لیگ (ن)  نے فیصل واوڈا کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

تازہ ترین