• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ میں ملازمین کی پروموشن کیخلاف ایف بی آر کی اپیل کی سماعت

اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ نے ملازمین کی پروموشن کیخلاف ایف بی آر کی اپیل پرمتعلقہ آفیسر کو آئندہ سماعت پر طلب کر تے ہوئے کہاہے کہ متعلقہ آفیسر تمام تر تفصیلات ساتھ لیکر آئے، متعلقہ آفیسر بتائے پروموشن ختم کی تو کیا نتائج ہونگے، بتایا جائے پابندی کے باوجود تعیناتی کیسے کی؟۔

سپریم کورٹ میں ملازمین کی پروموشن کیخلاف ایف بی آر کی اپیل کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں بنچ نے کی ۔ دوران سماعت فروغ نسیم کی عدم موجودگی میں ایڈووکیٹ آن ریکارڈ محمود شیخ پیش ہوئے ۔

 جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ فروغ نسیم صاحب کو کہا تھا متبادل وکیل دیں۔محمود شیخ نے کہاکہ فروغ نسیم کو پیغام بھجوایا ہے، فروغ نسیم نے کہا اس دفعہ التواء لے لیں اگلی سماعت پر وکیل بھیجیں گے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ تین دفعہ مقدمہ ملتوی کر چکے اب نہیں کریں گے۔ 

وکیل شعیب شاہین نے کہاکہ زیادہ تر ملازمین کی نمائندگی فروغ نسیم کر رہے ہیں۔وکیل ایف بی آر نے کہاکہ مقدمہ ملتوی نہ کیا جائے، جلد سماعت کی درخواست دائر کرکے مقدمہ لگوایا۔ وکیل ایف بی آر نے کہاکہ 32 ملازمین کا کیس ہے کئی ریٹائرڈ ہونے کے قریب ہیں۔ 

چیف جسٹس نے کہاکہ اس میں چھوٹے ملازمین کا کوئی کردار نہیں ہے، سارا کام ایف بی آر کے افسران نے خراب کیا ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ ملازمین کی پروموشن ختم کردیں تو 18 سال بعد ان سے زیادتی نہیں؟۔ 

وکیل ایف بی آر نے کہاکہ ملازمین پروموشن کے فوائد حاصل کر رہے ہیں، ملازمین کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی۔چیف جسٹس نے کہاکہ کون تھا آفسر جس نے پابندی کے باوجود تعیناتی کی، افسران کو چھوڑیں چیئرمین ایف بی آر کو طلب کر لیتے ہیں۔ 

بعد ازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت مدت کیلئے ملتوی گئی ۔

تازہ ترین