• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمیـن خان کے کاسٹنگ کاؤچ سے متعلق بیانات پر بحث چھڑ گئی

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ شمین خان نے کاسٹنگ کاؤچ کے حوالے سے اپنے بیانات پر ایک نئی بحث چھیڑ دی۔

 اداکارہ گزشتہ ایک دہائی سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور متعدد ڈراموں میں معاون کردار ادا کر چکی ہیں جنہیں ناظرین نے خوب سراہا ہے۔

شمیـن خان نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز کے حساس اور متنازع موضوع ’کاسٹنگ کاؤچ‘ پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ کا وجود اس طرح نہیں ہے جیسا کہ بیان کیا جاتا ہے، کسی کو مجبور نہیں کیا جاتا بلکہ اگر کوئی اس راستے کا انتخاب کرتا ہے تو وہ اس کی اپنی مرضی ہوتی ہے۔

 شمیـن خان نے دعویٰ کیا کہ اپنے کیریئر کے دوران مجھے کبھی کسی قسم کی ایسی پیشکش نہیں کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ کاسٹنگ کاؤچ کے بارے میں بات کرتے ہیں وہ مکمل سچ بیان نہیں کرتے، تاہم میں یہ نہیں کہہ سکتی کہ کوئی جھوٹ بول رہا ہے، لیکن میرے خیال میں یہ سب کسی کے ذاتی فیصلے کا نتیجہ ہوتا ہے، زبردستی نہیں۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ بعض نئی اداکارائیں چند پروجیکٹس کے بعد ہی مہنگی گاڑیاں اور پرتعیش طرزِ زندگی اختیار کر لیتی ہیں، جس کے پیچھے اکثر مالی معاونت کرنے والے افراد ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کئی فنکار شوبز انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ جیسے معاملات کی نشاندہی کر چکے ہیں۔

شمیـن خان کے بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جہاں کچھ لوگ ان کی بات سے اتفاق کر رہے ہیں تو کچھ اسے متنازع اور حساس مسئلے کو نظر انداز کرنے کے مترادف قرار دے رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید