بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک کم عمر کالج کی طالبہ کا اپنے ہی اغواء کا رچایا گیا ڈرامہ بے نقاب ہو گیا، پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ طالبہ نے خود ہی زخمی ہو کر اغواء کی فرضی کہانی گڑھی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طالبہ نے شروع میں پولیس کو بتایا تھا کہ وہ اسکوٹی پر کالج جا رہی تھی کہ ایک کار میں سوار 3 نقاب پوش افراد نے اسے اغواء کرنے کی کوشش کی اور چاقو سے حملہ کیا، اس شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے اسے سرکاری اسپتال منتقل کر دیا تھا۔
بعد ازاں سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ پڑتال کے دوران پولیس کو اغواء کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور مزید پوچھ گچھ کے دوران طالبہ کے بیانات میں تضاد بھی پایا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کالج کی طالبہ کے طبی معائنے میں زخم بھی معمولی نکلے جنہیں ڈاکٹروں نے خود ساختہ قرار دیا۔
سخت تفتیش پر طالبہ نے اعتراف کیا کہ وہ دیہی کالج چھوڑ کر منگلورو شہر کے کالج میں داخلہ لینا چاہتی تھی، اسی لیے اس نے اپنے اغواء کی جھوٹی کہانی بنائی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ طالبہ نے اپنی کتابیں خود جلائیں اور اغواکاروں پر الزام لگایا، اس حوالے سے ایک عینی شاہد کا بیان بھی غلط ثابت ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے اغواء کا کیس بند کر دیا ہے اور طالبہ کی کونسلنگ کی جا رہی ہے۔