• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سے محبت میں گرفتار اماراتی وی لاگر کی نئی ویڈیو


متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والےمعروف وی لاگر خالد العامری کا کہنا ہے کہ پاکستان آکر انہوں نے یہ سبق سیکھا ہے کہ میڈیا کسی ملک یا معاشرے کے بارے میں جو بتائے اس پر یقین نہ کریں بلکہ خود جا کر دورہ کریں اور پھر کسی نتیجے پر پہنچیں۔

سوشل میڈیا اسٹار خالد العامری نے رواں ماہ اسلام آباد کا دورہ کیا تھا جس کے بعد سے ہی وہ پاکستان کی محبت میں گرفتار تھے تاہم اب باقاعدہ انہوں نے اپنی ایک ویڈیو میں پاکستان کے لوگوں، جگہوں اور ملک کے بارے میں تعریفوں کے پُل باندھے تو وہیں بین الاقوامی سطح پر پاکستان سے متعلق منفی خبروں کی تردید بھی کی۔

’دی ٹرتھ اباؤٹ پاکستان‘ یعنی پاکستان کے بارے میں سچائی کے عنوان سے خالد نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پاکستان میں گزارے گئے خوشگوار لمحات پر مشتمل ایک وی لاگ شیئر کیا جسے پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ بے حد پسند کر رہے ہیں۔


انہوں نے اپنے وی لاگ کے آغاز میں بتایا کہ ’میں نے پاکستان کے بارے میں جیسا سن رکھا تھا ، ائیر پورٹ پہنچنے پر بلکل مختلف پایاجس سے پاکستان کے بارے میں میرے نظریات بلکل تبدیل ہوگئے۔‘

انہوں نے دارالحکومت اسلام آباد میں گھومتے ہوئے وہاں کی صفائی ، خوبصورت قدرتی مناظر ، کھانوں اور وہاں بسنے والے لوگوں کی تعریف کی۔

خالد العامری نے اپنے وی لاگ میں چند نوجوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے سوال کیا کہ آپ پاکستانیوں کو ایک لفظ میں بیان کرنا ہو تو وہ لفظ کیا ہوگا۔ایک نوجوان نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بہت زیادہ محبت کرنے والے لوگ، یہاں کے لوگ اتنی محبت کرتے ہیں کہ آ پ کو غصہ آنا شروع ہوجاتا ہے۔ اس جواب پر وی لاگر قہقہہ مارے بغیر نہ رہ سکے۔

انہوں نے اپنے وی لاگ میں پاکستان خصوصاً اسلام آباد کی ’کڑک چائے‘ سے اپنی محبت کا اظہار بھی کیا۔

کالے قمیص شلوار میں ملبوس سر پر کالے ہی رنگ کی چترالی ٹوپی پہنے عربی مہمان نے چائے کے ہوٹل پر پیسے دینے چاہے تو ا نہیں یہ کہہ کر انکار کردیا کہ وہ مہمان ہیں ، مہمانوں سے پیسے نہیں لیتے ۔

اس کا رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں مہمان نوازی اپنے اعلیٰ درجے پر دیکھی ہے۔

وہ یہاں مقامی موسیقی سے بھی لطف اندوز ہوئے اور ساتھ ہی یادگار پاکستان اور فیصل مسجد کا دورہ بھی کیا اور برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لیے نتھیا گلی بھی گئے ۔

انہوں نے ویڈیو کے آخر میں کہا کہ وہ پاکستان میں ملنے والوں سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور ساتھ ہی شکریہ پاکستان اور پاکستان زندہ آباد بھی کہا۔

تازہ ترین