• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ جلد زرعی منصوبوں کا افتتاح کرینگے‘محب اللہ

پشاور(نیوزڈیسک)خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک اور ماہی پروری محب اللہ خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا صوبے کے ضم شدہ اور جنوبی اضلاع میں عنقریب زراعت و لائیو سٹاک کے مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ جنکی بدولت زراعت کی ترقی میں نمایاں پیش رفت ہو گی اور زمینداروں کے مسائل بھی حل ہونگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مذکورہ اضلاع میں نیشنل زرعی ایمرجنسی پروگرام کے مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک محمد اسرار اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل، فندز کی دستیابی اور مختلف شعبوں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی غو ر و خوض کیا گیا جبکہ صوبائی وزیر کو نئی پلاننگ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر محکموں کے افسران کو ترقیاتی فندز کو مقررہ مدت میں شفافیت کے ساتھ استعمال میں لانے، جاری سکیموں خاص کر نیشنل ایگریکلچر ایمر جنسی پروگراموں کے تحت شروع ہونے والے منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت کی اور کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ملک میں زرعی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ زرعی شعبہ معیشت میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس لئے محکمہ کے افسران کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے زمینداروں اور کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔
تازہ ترین