گجرات میں برطانوی شہری دو بہنوں کی ہلاکت کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ہلاکت کی وجہ دم گھٹنا سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 18 سالہ نادیہ اور 25 سالہ ماریہ کا عزیز بھٹی شہید اسپتال گجرات میں پوسٹ مارٹم ہوا جس میں موت کی بنیادی وجہ دم گھٹنا قرار دیا گیا ہے۔
پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دونوں لاشوں کو موت کے تقریبا 26 گھنٹے کے بعد اسپتال لایا گیا تھا ، جبکہ دونوں بہنوں کے جسم پر نہ تو تشدد کے نشان تھے، نہ ہی جسم پر کوئی سوجن یا خراش تھی اور جسم کی تمام ہڈیاں بھی اپنی جگہ پر پائی گئی تھیں ۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ معدے، پھیپھڑوں اور دل میں زہرخوردنی کے اثرات بظاہر دکھائی نہیں دئیے، دونوں بہنوں کی موت دم گھٹنے سے واقع ہوئی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق دونوں بہنوں کے سیمپلز پنجاب فرانزک لیبارٹری بھجوائے گئے ہیں، جہاں لیبارٹری کی رپورٹ کی روشنی میں موت کی حتمی وجہ کا تعین کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ برطانیہ سے آئی دو بہنوں کی لاشیں 12 جنوری کو گجرات میں گھر کے غسل خانے سے برآمد ہوئیں جنہیں بعد ازاں قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔