• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود سے ملاقات خوش آئند رہی: پومپیو

امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات خوش آئند رہی۔

امریکا کے محکمۂ خارجہ سے جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھاکہ پاکستانی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران افغان امن عمل، تجارتی امور اور خطے کے استحکام سے متعلق بات ہوئی۔

انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہےکہ اس ملاقات میں ایرانی جارحیت سے نمٹنے سے متعلق بھی بات چیت ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی امریکا کا 3 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔

یہ بھی دیکھئے:وزیر خارجہ کا دورۂ امریکا مکمل


انہوں نے اپنے دورے کے دوران نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ذمہ داران سے ملاقاتیں کیں، جبکہ وہ واشنگٹن میں ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ ملاقات کے علاوہ کیپیٹل ہل بھی گئے۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے دورۂ امریکا کے آخری مرحلے میں واشنگٹن میں امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو اور امریکی مشیرِ قومی سلامتی رابرٹ او برائن سے بھی ملاقاتیں کیں۔

وزیرِ خارجہ نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ نے ان سے کوئی نیا مطالبہ نہیں کیا۔

مائیک پومپیو نے 2018ء کے دورۂ پاکستان میں کہا تھا کہ پاکستان سے متعلق امریکی پالیسی میں تبدیلی ہوگی تو براستہ کابل ہو گی۔

شاہ محمود قریشی نے پومپیو سے کہا کہ ہم نے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، 2 امریکی یرغمالیوں کی بازیابی میں بھی مدد کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آپ کی مشکل توقعات نبھا دیں، مگر ہماری توقعات کا کیا ہوا؟ امریکا کو پاکستان کے بارے میں اپنی ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

وزیرِ خارجہ نے امریکی ہم منصب سے ملاقات میں امریکا کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا کہ بھارت کے کسی فالس فلیگ آپریشن کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 5 ماہ میں سلامتی کونسل میں مقبوضہ کشمیر پر دوسری نشست ہونا اس بھارتی مؤقف کی نفی ہے کہ یہ اس کا اندرونی معاملہ ہے، مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر پاکستان کا مقصد کشیدگی کا خاتمہ ہے۔

تازہ ترین