مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ملک میں آٹے کے بحران پر بول پڑے اور پاکستان (پی ٹی آئی) حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ایک بیان میں شہباز شریف نے آٹا مہنگا ہونے کی مذمت کی اور حکومت سے سخت سوالات پوچھ لیے، انہوں نے استفسار کیا کہ گندم کا اسٹاک کہاں گیا؟ کیا اسمگل ہوگیا؟ ذمے دار کون ہے؟
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آٹے کا بحران اور مہنگائی اسی سنگ دلی کا اظہار ہے جو پی ٹی آئی حکومت کی پہچان ہے، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان، وزیر خوراک اور تمام ذمہ داران غائب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس دن سے یہ حکومت آئی ہے عوام کی زندگی اجیرن ہی ہوتی چلی جارہی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں گندم کا بھرپور اسٹاک موجود تھا، قوم کو گندم بحران اور آٹےکی قیمت میں اضافے کی وجوہات بتائی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام آٹے اور روٹی کی دہائی لگارہے ہیں، کیا وزیراعظم عمران خان نے شاید اب تک ٹی وی آن ہی نہیں کیا؟
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے وزیراعظم سے کہا کہ عمران نیازی صاحب بغیر لاؤ لشکر کے بطور عام آدمی بازار جائیں تاکہ آپ کو آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو۔