وزیراعظم عمران خان نے کرپشن اور مافیا کے خاتمے کے لیے آخری حد تک لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
عمران خان نے نوجوانوں سے گفتگو میں ملک کو درپیش چیلنجز،حکومتی اقدامات، سوشل میڈیا کے کردار سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پاکستان مشکل معاشی صورتحال سے نکل آیا ہے، مالیاتی خسارہ کم ہوچکا، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بھی چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے اور اسی ضمن میں کردار بھی ادا کر رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ کیا ہے، فاشسٹ مودی سرکار ہندو راشٹرا کا خواب پورا کرنے کے لیے امن اور خطے کی سلامتی داؤ پر لگارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اور شہریت قانون میں ترمیم نسل پرستانہ عزائم کی تکمیل کی کوششیں ہیں، ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ دنیا کو باور کروایا جائے، یو این قراردادوں سے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام عالم کا فریضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرنے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ نوجوان طبقے کے لیے ایک ہی پیغام ہے محنت کریں، کامیابی محنت کے بغیر ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے قرضوں کی فراہمی کے ساتھ ہنر سکھانے کا ٹریننگ پروگرام متعارف بھی کروایا، جبکہ ہماری حکومت نے غریب عوام کے لیے احساس پروگرام اور پناہ گاہوں کا اجرا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور صلاحیت ہےجسے ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے سامنے لایا جاسکتا ہے۔