• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار کے الیکشن :پولنگ شام پانچ بجے تک جاری رہی

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار کے سالانہ الیکشن کے لئے پولنگ ہفتہ کو آدھے گھنٹے کی تاخیر سے صبح سارھے نو بجے شروع ہوئی جو شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہی‘ بعدازاں امیدواروں کی درخواست پر پولنگ اوقات میں آدھے گھنٹے کا اضافہ کردیا گیا‘ شام ساڑھے پانچ بجے تک اہل 1665 ووٹرز میں سے 1200 سے زائد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا‘ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں اور ان کے حامیوں کا زبردست جوش و خروش‘ دن بھر امیدواروں کے حق میں نعرے بازی اور کنونسنگ کا سلسلہ جاری رہا‘ پرامن اور خوشگوار ماحول میں ووٹنگ‘ سندھ بار کونسل کے مبصرین نے الیکشن کے عمل کا جائزہ لیا۔ووٹنگ ختم ہونے کے چند منٹ کے وقفے کے بعد امیدواروں کی درخواست پر پولنگ کے وقت میں آدھے گھنٹے کا اضافہ کردیا گیا جس کے بعد ایک بار پھر پولنگ شروع ہوگئی جو 6 بجے تک جاری رہی۔ واضح رہے کہ سندھ بار کونسل نے پہلے مرحلے میں 1542 اہل ووٹرز کی فہرست جاری کی تھی‘ بعدازاں وکلا کی جانب سے چالان جمع کرانے کے باوجود ووٹر لسٹ میں نام نہ آنے کی شکایات پر گذشتہ روز 77 اہل ووٹرز کی جبکہ ہفتہ کو پولنگ والے روز پہلے 23 اور بعدازاں 33 اہل ووٹرز کی لسٹیں جاری کی تھیں جس کے بعد اہل ووٹرز کی مجموعی تعداد 1665 ہوگئی تھی‘ پولنگ کا عمل دن بھر پرامن اور خوشگوار طور پر جاری رہا۔ امیدواروں اور وکلا رہنماؤں کا ”جنگ“ کے رابطے پر کہنا تھا کہ پولنگ اور الیکشن کا عمل شفاف طریقے سے جاری ہے انہیں کہیں سے کوئی شکایت وصول نہیں ہوئی ہے‘ وہ پولنگ کے عمل سے مطمئن ہیں اور وکلا جوش و خروش سے الیکشن کے جمہوری عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ سیشن کورٹ میں ہفتہ کو الیکشن کے لئے لگائے گئے کیمپوں پر ہزاروں کی تعداد میں وکلا اور ان کے حامیوں کی آمد کے باعث سیشن کورٹ میں تل دھرنے کو جگہ نہیں تھی‘ اس کے باوجود وکلا جوش و خروش سے ووٹ ڈالنے کے لئے آنے والے وکلا کا استقبال کررہے تھے جبکہ الیکشن کے عمل اور سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے ڈی ایس پی کی نگرانی میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور پارکنگ کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔
تازہ ترین