• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بازید خان کو پی سی بی کرکٹ کمیٹی میں شامل کرنے کا امکان

کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) مشہور مبصر بازید خان کو ،پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کی جگہ پی سی بی کرکٹ کمیٹی میں شامل کیا جارہا ہے۔اس سے قبل وہ مصباح الحق کو کوچ مقرر کرنے والی کمیٹی کے بھی رکن تھے۔یہ پہلاموقع ہوگا جب بازید خان کو پی سی بی کی کسی کمیٹی میں مستقل جگہ مل رہی ہے۔وہ کرکٹ کمیٹی کے سب سے کم عمر رکن ہیں۔38سالہ بازید خان ایک ٹیسٹ ،پانچ ون ڈے انٹر نیشنل اور151فرسٹ کلاس میچوں کا تجربہ رکھتے ہیں۔ماضی کے عظیم لیفٹ آرم اسپنر اقبال قاسم ، سی ای او وسیم خان کی جگہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین کے لئے سب سے مضبوط امیدوار بن کر سامنے آرہے ہیں جبکہ ٹیسٹ بیٹسمین اور ماجد خان کے صاحبزادے بازید خان کومصباح الحق کی جگہ کرکٹ کمیٹی کا رکن مقرر کیا جارہا ہے۔دونوں کے پی سی بی حکام سے معاملات طے پاگئے ہیں۔حددرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی کرکٹ کمیٹی کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔ماضی کے عالمی شہرت یافتہ کپتان وسیم اکرم اور خواتین کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز بدستور کرکٹ کمیٹی کے اراکین رہیں گے۔اقبال قاسم پاکستان کی جانب سے پچاس ٹیسٹ میں 171 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ وہ999 فر سٹ کلاس وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔ اقبال قاسم کی تقرری وسیم خان کی جگہ ہورہی ہے وسیم خا ن نے کرکٹ کمیٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔اب کرکٹ کمیٹی میں کوئی پی سی بی ملازم شامل نہیں ہے اس کا رول ایڈوائزری ہوگا۔وسیم اکرم اور عروج ممتاز اس سے قبل محسن خان او ر وسیم خان کے ساتھ بھی کرکٹ کمیٹی میں کام کر چکے ہیں۔
تازہ ترین