• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی کا بحران سر اٹھا رہا ہے،پی ایس پی ہی واحد آپشن ہے،مصطفیٰ کمال

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ آٹے کے بعد چینی کا بحران سر اٹھا رہا ہے، چینی 80 روپے کلو تک پہنچ چکی ہے، پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہو چکی ہیں، گیس میں 300 فیصد اضافہ کیا جا چکا ہے جبکہ پھر سے 214 فیصد دوبارہ گیس مہنگی کرنے کی سمری تیار کر لی گئی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے فی یونٹ تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ معیشت اتنی سست روی کا شکار ہے کہ پاکستان کی تیل کی درآمدات 20 فیصد تک کم ہوئی ہیں جبکہ پیداوار 12 فیصد تک کم ہو گئی ہے۔ جس کے نتیجے میں پاکستانی برآمدات پچھلے سال کے مقابلے پہلی چھ مہینوں میں 38 فیصد کم رہیں لیکن ہمارے حکمران آپسی رنجشوں اور اناؤں سے باہر نہیں آ رہے۔ ان حالات میں پاک سرزمین پارٹی ہی عوام کے پاس واحد آپشن ہے جو بلا رنگ، مذہب، مسلک اور زبان کے فرق کے لوگوں کی خدمت کرنا چاہتی ہے۔ لوگ بلدیاتی انتخابات میں پی ایس پی کو ناصرف کامیاب کرائیں بلکہ گھر گھر پارٹی کا پیغام بھی لے کر جائیں۔وفاقی وزیر حکومت اسد عمر نے سندھ حکومت کے نظام کے خلاف عدالت جانے کا عندیہ دیا ہے لیکن کیا ان کی حکومت نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نظام بناتے وقت یا نافذ کرنے کے بعد اب تک نئے بلدیاتی نظام پر سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں سے کوئی مشاورت یا براہِ راست ملاقات کی ہے؟ ایک مسئلے پر بغیر بات کرے وفاقی حکومت عدالت جانا چاہتی ہے جس سے انکی طرز سیاست کا پتا چلتا ہے۔دریں اثناء چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے ملیر دارالعلوم مجددیہ نعیمیہ کا دورہ کیا اور مفتی محمدجان نعیمی اور مفتی محمد نذیر جان نعیمی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر علماء رابطہ کونسل کے صدر انجنیئر نبیل ناصر بھی موجود ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہاکہ پی ایس پی اتحادبین المسلمین پریقین رکھتی ہے اور مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ اورامن کے قیام کے لیے تمام مذاہب و مسالک کے عوام کے ساتھ ہے ۔مفتی اعظم سندھ محمد جان نعیمی نے مصطفی کمال کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کو جوڑنے کا جو کام مصطفیٰ کمال کر رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔
تازہ ترین