• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشتہارات کی مرکزیت کی پالیسی معطل کی جائے، اے پی این ایس

کوئٹہ(پ ر)اے پی این ایس کی بلوچستان کمیٹی نے وفاقی حکومت کی طرف سے اشتہارات کی مرکزیت پر مبنی پالیسی کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے باعث بلوچستان کے اخبارات شدید مالی بحران اور بقاء کے مسائل سے دوچار ہوگئے ہیں۔ چیئرمین بلوچستان کمیٹی وسیم احمد نے بیان میں کہا کہ پسماندہ صوبہ بلوچستان کے اخبارات پہلے ہی مالی زبوں حالی کا شکار ہیں جب سے اس پالیسی کا نفاذ ہوا ہے بلوچستان کے اخبارات کو وفاقی حکومت کے اشتہارات کا اجرا عملاً ختم ہوگیا ہے۔ حال ہی میں وزیراعظم سیکرٹریٹ کی طرف سے دوبارہ مرکزیت پر مبنی پالیسی جاری کی گئی ہے جس میں ہدایت کی گئی کہ وفاقی حکومت کے تمام اشتہارات پی آئی ڈی کے ذریعے جاری کئے جائیں۔ مزید برآں اشتہار جاری کرنے والے تمام محکموں کو اپنی ضروریات کے مطابق میڈیا کا تعین کرنے کے حق کی نفی کردی گئی ہے جبکہ علاقائی اخبارات کیلئے مختص کوٹہ پر عملدرآمد بھی ختم کردیا گیا ہے بلوچستان کمیٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ اس پالیسی سے محکموں کو اپنے طور پر منتخب کردہ میڈیا کے ذریعے ابلاغ کی آزادی کی نفی ہوگی۔ بلوچستان کے اخبارات میڈیا کی آزادی اظہار کو حکومت کے تابع کرنے کی ہر کوشش کو یکسر مسترد کرتے ہیں کیونکہ اس پالیسی کو میڈیا کو کچلنے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے بلوچستان کمیٹی نے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ اس پالیسی کے نفاذ کو معطل کیا جائے اور گزشتہ پالیسی کو بحال کیا جائے۔ پی آئی ڈی کو ہدایت دی جائے کہ بلوچستان کے اخبارات کو وفاقی حکومت کے اشتہارات میں سے جائز حصہ کا اجراء یقینی بنایا جائے۔  
تازہ ترین