• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی، مزید 2 نوجوان شہید،2 روز میں شہداء کی تعداد 5ہوگئی

سرینگر(جنگ نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع پلوامہ میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا،گزشتہ 2روز کے دوران قابض فورسز کی کارروائیوں میں شہید نوجوانوں کی تعداد 5ہوگئی ہے ، نوجوانوں کواونتی پورہ میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس ، راشٹریہ رائفلز اور بھارتی فوج کے اسپیشل آپریشن گروپ نے ایک محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران گولیاں مار کر شہید کیا۔اس سے قبل اسی علاقے میں مجاہدین کے حملے میں ایک بھارتی فوجی اور اسپیشل پولیس کا اہلکار مارے گئے ۔ پلوامہ میں شہداء کے نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت ، اس موقع پر پاکستان زندہ باد اور بھارت کیخلاف نعرے لگائے گئے ۔ دریں اثناء مسلسل 170ویں روز بھی مقبوضہ کشمیر میں عائد پابندیاں برقرار ہیں ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کے روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع پلوامہ میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ اس سے قبل پیر کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کی تحصیل اونتی پورہ کے علاقے زنٹرگ کھریو میں کاوئنٹر انسرجنٹ فورسزنے اندھا دھند فائرنگ کی ۔ پولیس کے بیان کے مطابق جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے زنٹرگ کھریو میں علاقے میں مجاہدین کی موجودگی کی اطلاعات پر محاصرے اور سرچ آپریشن شروع کرنے کے بعد فائرنگ کی ۔48 گھنٹوں کے دوران شہید نوجوانوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز فوجیوں نے ضلع شوپیان میں تین نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

تازہ ترین