لائن ڈیووس (خبرایجنسی، جنگ نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے امریکی صدر سے کہاہےکہ بھارت سے معاملات حل کرائیں، افغان مسئلہ بھی اہم ہے، اسکا تعلق امریکااور پاکستان سے ہے.
خوش قسمتی سے اس معاملے پر دونوں ممالک ایک صفحے پر ہیں جبکہ ٹرمپ نےکہاکہ مدد کیلئے تیار ہیں،کشمیر پر ہونیوالی پیشرفت بغور دیکھ رہے ہیں، تجارت کو اہمیت ملنے والی ہے،کچھ سرحدوں پر بات ہورہی ہے،عمران خان میرے دوست ، دوبارہ ملاقات پر خوشی ہوئی۔
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےکہاکہ ٹرمپ نے پاکستان آنے کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ وزیراعظم نے امریکی صدر کو FATF پر سپورٹ اور ٹریول ایڈوائزی میں بہتری کیلئے کہا ہے۔
تفصیلات کےمطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہےکہ امریکا کشمیر کے حوالےسے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونےوالی پیشرفت کو بغور دیکھ رہاہےاور اگر ضرورت پڑی تو مدد کیلئے تیار ہیں تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کیسے۔
ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے وزیراعظم عمران خان سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس پہنچے جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وفود کی سطح پر ملاقات کی، ملاقات سے قبل ٹرمپ نے کہاکہ تجارت اور سرحدیں دونوں ہی بات چیت کے لیےاہم نکات ہیں جبکہ عمران خان نے کہا کہ ان کیلئے افغانستان سب سے اہم معاملہ ہے۔
ٹرمپ نے کہاکہ تجارت کو انتہائی اہمیت ملنے والی ہے، ہم ملکر کچھ سرحدوں پر کام کررہے ہیں،ہم کشمیر کے حوالےسے بات چیت کررہے ہیں کہ پاکستان اور بھارت میں کیا چل رہا ہےاور اگر ہم مدد کرسکے تو ہم یقینی طور پر کرینگے، ہم مسئلہ کشمیر کا انتہائی قریب سے بغور جائزہ لے رہے ہیں، امریکی صدر کاکہناتھاکہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، ہم پاکستان کے اتنے قریب نہیں تھے، جتنے اب ہیں، عمران خان میرے دوست ہیں، دوبارہ ملاقات پر خوشی ہورہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نےکہاکہ پاکستان کا ایک بڑا مسئلہ بھارت کیساتھ تعلقات ہیں، امید ہے امریکا اس مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کریگا،انہوں نے کہا کہ افغانستان کامسئلہ بھی اہم ہے کیوں کہ اس کا تعلق پاکستان اور امریکا سے ہے،دونوں ہی ممالک افغانستان کےامن میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
خوش قسمتی سے افغانستان کے معاملے پر امریکا اور پاکستان ایک صفحے پر ہیں، پر امن طریقے سے اقتدار کی منتقلی پر یقین رکھتے ہیں،پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن واستحکام کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔دوسری جانب میڈیا سے گفتگو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
صدر ٹرمپ کے ساتھ امریکا میں ملاقات بہت مفید رہی، ٹرمپ سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے اہم ایشوز اٹھائے، پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کا ایشو بھی اٹھایا وزیراعظم نے صدرٹرمپ کو ایف اے ٹی ایف پر سپورٹ کا کہا، وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔