• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین ہٹی پر جھونپڑیوں میں آگ سے جانی نقصان نہیں ہوا: سعید غنی

سندھ کے وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ لیاری ندی میں تین ہٹی پل کے نیچے جھونپڑیوں میں آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سعید غنی نے متاثرہ مقام کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی، اس موقع پر وہاں موجود صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ متاثرین کو سہولتیں فراہم کریں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ فائر بریگیڈ کے مسائل کا علم ہے، اس ادارے کو گاڑیاں پہلے بھی دی ہیں، مزید بھی دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ مختلف وجوہات ہیں، یہاں لوگ آ کر بیٹھ جاتے ہیں، ہر کسی کو قبضہ مافیا نہیں کہا جا سکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب کراچی میں لیاری ندی کے کنارے آباد علاقے تین ہٹی کے پل کے نیچے واقع جھونپڑیوں میں آگ لگنے سے 100 سے زائدجھونپڑیاں جل گئیں جن میں موجود سامان راکھ ہو گیا۔

یہ بھی دیکھئے: لیاقت آباد، ہندو آبادی کے 100 جھونپڑے جل گئے


متاثرہ افراد رات بھر اور دن نکلنے کے بعد بھی جلی ہوئی جھونپڑیوں سے اپنا سامان ڈھونڈنے میں مصروف رہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی، تین ہٹی، جھونپڑیوں میں لگی آگ بجھا دی گئی

کراچی کی لیاری ندی میں تین ہٹی پل کے نیچے جھونپڑیوں میں آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا لیکن سخت سردی میں سیکڑوں افراد نے رات کھلے آسمان تلے گزاری۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، تحقیقات کی جا رہی ہیں، متاثرین نے امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

تین ہٹی پل کے نیچے اور لیاری ندی کے ساتھ قائم جھگیوں میں ہر طرف تباہی کے منظر بکھرے ہوئے ہیں، ایک جھگی میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے متعدد جھگیوں کو جلا کر خاکستر کر دیا، جھگی میں رہنے والے غریبوں کا سامان بھی آگ میں راکھ ہوگیا۔

فائر بریگیڈ کے آفیسر عارف منصوری کے مطابق آگ پر 4 فائر ٹینڈرز اور 8 باؤزرز کی مدد سے قابو پایا گیا۔

آگ سے تباہ شدہ بستی کے مکین سخت سردی میں ندی کنارے، پل پر اور سڑک پر کھلے آسمان تلے گزارہ کر رہے ہیں جنہیں مخیر حضرات گرم کپڑے فراہم کر رہے ہیں۔

متاثرہ بستی کے مکینوں میں کوئی محنت مزدوری کرتا ہے، کوئی ٹھیلہ چلاتا ہے اور کوئی پھول بیچ کر گزارہ کرتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ان کے مالی حالات جل جانے والی جھونپڑی دوبارہ بنانے کے بھی نہیں، حکومت ان کی مدد کرے۔

یہ بھی پڑھیئے: گوجرانوالہ، ریلوے گودام میں آگ بے قابو

حکومت اور فلاحی اداروں کو چاہیے کہ متاثرہ افراد کی مدد کے لیے آگے آئیں اور انہیں کھانا، گرم کپڑے اور بستر مہیا کریں۔

تازہ ترین