سٹی کورٹ کراچی میں ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے ملزمان کے ضمانتی مچلکے لینے والوں کی لمبی قطارلگ گئی۔
کراچی میں ون وے کی خلاف ورزی کے جرم میں گرفتار سیکڑوں ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کا سلسلہ گزشتہ 3روز سے جاری ہے، گرفتار افراد کو عدالت کی جانب سے 5 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جارہا ہے ۔
واضح رہے کہ ضمانتی مچلکے سیوینگ سرٹیفیکٹ کی صورت میں بینک سے حاصل کرنا ہوتے ہیں، تاہم بینک اسٹاف کم ہونے کی وجہ سے سیوینگ سرٹیفیکٹ جاری کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
شہر کے 100 مقامات پر سہہ پہر 3 سے شام 6 بجے تک ٹریفک پولیس کی خصوصی ٹیمیں ٹریفک قوانین خاص طور پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کر رہی ہیں، ان ٹیموں کو تھانہ پولیس کی مدد بھی حاصل ہے۔
شاہراہوں پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے موٹرسائیکل سواروں، کار ڈرائیوروں اور دیگر گاڑیاں چلانے والوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے غفلت اور لاپرواہی کی دفعہ 279 کے تحت مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔
غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایسے کم از کم 100 مقامات کی نشاندہی کی جاچکی ہے جہاں مختلف گاڑیوں کے ڈرائیور ون وے کی انتہائی خلاف ورزی کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان مقامات پر سنگین حادثات ہوتے ہیں اور بیشتر مقامات پر انسانی جانی نقصان بھی ہو رہا ہے۔