• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، شاہ محمود


وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ ڈیووس سے متعلق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ سے ایک گھنٹے کی ملاقات مفید رہی، میں اس ملاقات میں موجود تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے ایف اے ٹی ایف سمیت اہم ایشوز اٹھائے ہیں، عمران خان نے صدر ٹرمپ سے ایف اے ٹی ایف پر سپورٹ کرنے کے لیے بھی کہا ہے۔

شاہ محمود نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ کو ایف اے ٹی ایف سے متعلق پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا ہے، وزیرِ اعظم نے انہیں ٹریول ایڈوائزری میں بہتری کا بھی کہا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری نقصان اٹھایا: وزیرِ اعظم

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے امریکی صدر سے تجارت سے متعلق بھی بات کی، ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ امریکا کا ایک تجارتی وفد پاکستان آئے گا۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کشمیر کی صورتِ حال کا خاکہ صدر ٹرمپ کے سامنے رکھا، جس پر امریکی صدر نے کہا کہ کشمیر کی صورتِ حال پر تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے یقین دلایا ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر بات کریں گے، انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونا چاہیے۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں وزیرِ اعظم عمران خان کو پسندکرتا ہوں اور ان پر اعتماد کرتا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نے صدر ٹرمپ کو ایران کے معاملے پر تشویش سے آگاہ کیا، ایران کے مسئلے سے جو مضر اثرات پاکستان پر پڑتے ہیں ان پر ٹرمپ سے بات ہوئی۔

یہ بھی پڑھیئے: ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر دوبارہ ثالثی کی پیشکش

وزیرِ خارجہ نے مزید بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم کی امریکی صدر سے افغانستان کے مسئلے پر بھی بات ہوئی، جس کے دوران افغانستان میں امن عمل کو بھی آگے بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی امریکی صدر ٹرمپ سے بہت اچھے ماحول میں یہ ملاقات ہوئی ہے، جس میں صدر ٹرمپ کی پوری ٹیم موجود تھی۔

تازہ ترین