دنیائے کرکٹ کے تیز ترین فاسٹ بولر شعیب اختر کرکٹ سے تو ریٹائر ہو گئے ہیں مگر بھارتی کھلاڑیوں کو پریشان کرنا انہوں نے اب بھی نہیں چھوڑا، یہی وجہ ہےکہ اسٹار کھلاڑی راولپنڈی ایکسپریس کے خلاف بھارتی بلے باز وریندر سہواگ بھی بول پڑے ہیں، تاہم شعیب اختر نے بھی انہیں جوابی باؤنسر مار دیا۔
تیز تر ین فاسٹ بولر کا اعزاز رکھنے والے شعیب اختر میدان میں ہوں یا میدان سے باہر خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں، میدان میں اپنی بولنگ سے سب کو پریشان کرنے والے فاسٹ بولر اپنے بیانات سے ہر ایک کو چونکا دیتے ہیں، لیکن بھارتی بلے باز سہواگ نے الگ ہی انکشاف کیا ہے۔
شعیب اخترنے اپنی بولنگ سے بھی بھارتیوں کو دھول چٹائی لیکن زبان کے نشتر ان پر کم ہی برساتے ہیں، اس پر بھارتی بلے بازسہواگ کا الزام ہے کہ شعیب اختر کا بھارت میں بزنس جڑا ہوا ہے وہ بھلا اس خلاف کیسے بولیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: شعیب اختر نے سب سے بڑے یوٹیوبر کا ریکارڈ توڑ ڈالا
وریندر سہواگ شعیب اختر کے خلاف بیان دینے کی یہ ویڈیو کچھ عرصے پرانی ہے، لیکن ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور لوگوں کا سوال ہے کہ شعیب اختر سہواگ کے اس الزام کا جواب دیں۔
سابق بھارتی بلے باز سہواگ کی بات درست ہے یا غلط یہ بحث سوشل میڈیا پر ہی چل رہی ہے، تاہم شعیب اختر ایک دو بار نہیں کئی بار بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لے چکے ہیں۔
شعیب اختر وکٹیں لیں یا باہر بیٹھ کر کسی کی وکٹ اڑائیں، خبروں میں رہنے کا فن خوب جانتے ہیں۔
وریندر سہواگ کے جواب میں شعیب اختر کا کہنا ہے کہ میں کسی کےبارے میں تنگ نظرنہیں ہوں، پیسہ اللّٰہ دیتا ہے، بھارت نہیں اور 40 سال سے مجھے اللّٰہ ہی پال رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: شعیب اختر نے بھارتی اینکر کو کھری کھری سنادیں
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ میں اتنا تنگ نظرنہیں ہوں جتنا وہ سمجھ رہے ہیں، سہواگ کےسر پرجتنے بال نہیں اس سے زیادہ میرےپاس پیسہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف مجھےکیوں ہدف تنقید بنایاجاتاہے، یہ معاملہ مجھ سے حسد کرنے کا ہے، تاہم جو اچھا کھیلے گا، اس کی تعریف کروں گا، جو برا کھیلے گا میری جانب سے اس پرتنقیدکی جائے گی۔
شعیب اختر نے کہا کہ میرے علاوہ کئی اور پاکستانی کھلاڑی بھی بھارت کی تعریف کرتےہیں۔