کراچی( اسٹاف رپورٹر)صوبائی محتسب کا تقرر سندھ حکومت کرے گی۔ترمیمی بل کابینہ نے پاس کرکے فوری اسمبلی کو بھیجنے کی منظوری دے دی ، وزیر اعظم ہاؤس سے نئے آئی جی پولیس کی تقرری کے لئے مزید دو نام بھیجنے کی درخواست پر سندھ حکومت نے ثناءاللہ عباسی اور انعام غنی کے دو اور نام وفاق کو بھیج دیئے ،کابینہ نے نئی گندم کی فصل (20-2019) کی خریداری کا 14 لاکھ ٹن کا ٹارگٹ مقرر کرنے کی منظوری دی اور ایک کیبنٹ کمیٹی قائم کی ہے جو گندم کی سپورٹ پرائیس اور خریداری کا ایک طریقہ کار تعین کرے گی تاکہ کاشتکاروں کو اچھی قیمت مل سکے‘گھریلوملازمین سے متعلق قوانین کی بھی منظوری دی گئی‘تمام بائیکس میں ٹریکرلگے گا۔تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت نیو سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈرافٹ سندھ ہزرڈس رولز (سلیکان) رولز 2018 پر تبادلہ خیال کیا گیا جسکے لیے وزیر محنت سعید غنی اور سیکریٹری محنت رشید سولنگی نے اجلاس کو بتایا کہ قوانین میں مختلف وضاحتیں دی گئی ہیں۔رولز میں سرٹیفائی سرجن، وہرف/چیف انسپیکٹر اور انسپکٹر فیکٹریز، فٹنس سرٹیفکیٹ وغیرہ کی تفصیلات دی گئی ہیں۔قوانین کے تحت فیکٹری کو پیٹروگرافک ٹیسٹ یا ایکسرے ڈفریکشن (ایکس آر ڈی) سے ہر 12 ماہ میں اپنا مٹیریل جو وہ تیار کررہے ہیں کو ٹیسٹ کروانا ہوگا۔فیکٹری کا مٹیریل جو وہ استعمال کررہی ہے انکے نمونے کسی بھی وقت انسپیکٹر ٹیسٹ کرے گا۔سندھ کابینہ نے گھروں میں کام کرنے والے ملازمین سے متعلق قوانین پرتبادلہ خیال کرکے منظور کر لیا۔رولز میں 10 اراکین صوبائی کونسل قائم کی گئی ہے۔