• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آٹے کے مسئلے پر عجیب توجیہات پیش کی جارہی ہیں ، حمزہ شہباز

آٹے کے مسئلے پر عجیب توجیہات پیش کی جارہی ہیں ، حمزہ شہباز


مسلم لیگ (ن) کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آٹے کے مسئلے پر حکومت کی جانب سے عجیب عجیب توجیہات پیش کی جارہی ہیں جبکہ ایک آٹے کے تھیلے کے لیے سفید پوش پاکستانی ترس رہا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ نظام اور جمہوریت کی خاطر کالی پٹی باندھ کر حلف اٹھایا ہے جبکہ پی ٹی آئی والے مسلم لیگ (ن) کے مقابلے میں آدھی کارکردگی بھی دکھاتے تو بڑی بات ہوتی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ روز روشن کی طرح عیاں ہوگیا یہ پاکستان کی نااہل ترین حکومت ہے جبکہ انہیں آئے ہوئے 14ماہ ہوگئے ہیں مگر اب بھی پرانی حکومت کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گندم کے بعد چینی کے بحران کی آمد آمد ہے، جبکہ ملک میں گندم وافر مقدار میں ہے تو درآمد کرنےکافیصلہ کیوں کیا؟

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ مکافات عمل ہےجبکہ اب میڈیا نہیں بلکہ ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ چیخ چیخ کر کہہ رہی ہے کہ 2019 میں کرپشن بڑھی ہے اور نیا پاکستان تو نہیں بنا مگر اب ڈھونڈنے سے پرانا پاکستان بھی نظر نہیں آرہا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ وزرا ء کہتے ہیں دسمبر میں روٹیاں زیادہ کھانا پڑتی ہیں، معلوم نہیں انہیں سنجیدگی سے کب چیلنجز سے نمٹنا آئے گا۔ عجیب سے نااہلی کے بادل ہر طرف منڈلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگیں نہیں، معاشی بحران قوموں کے لیے زہر قاتل ہوتےہیں، بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اندرونی مضبوطی چاہیے ہوتی ہے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کو سپریم کورٹ نے غلط بیانی پر جرمانہ کیا، اس کی مثال نہیں ملتی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنی کھڑکی اور دروازے کھلے رکھے ہوئےہیں۔

تازہ ترین