• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں میڈیا بحران پر حکومتی بے حسی، صحافیوں کا احتجاج

ملک بھر میں میڈیا بحران پر حکومتی بے حسی، صحافیوں کا احتجاج


ملک بھر میں میڈیا بحران پر حکومتی بے حسی، صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور نجی ٹی وی کے کیمرا مین فیاض علی کی دس ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر ناگہانی موت کے خلاف راولپنڈی اسلام آباد کے صحافیوں نے وزارت اطلاعات کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرے میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر فرحت اللّٰہ بابر، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے زاہد خان اور مسلم لیگ (ن) کے طارق فضل چوہدری نے بھی شرکت کی۔

صحافیوں نے سوال اٹھائے کہ صحافیوں کو تنخواہیں کیوں نہیں دی جا رہیں؟ مہنگائی کے اس دور میں صحافیوں کی تنخواہوں میں کٹوتیاں کیوں کی گئیں؟ میڈیا ورکرز کے خاندانوں کے معاشی قتل کا ذمہ دار کون ہے؟

حکومت نے میڈیا کے اشتہارات کیوں روک رکھے ہیں؟ میڈیا ہاؤسز کے گزشتہ کئی سالوں کے واجبات کیوں ادا نہیں کیے جا رہے؟ میڈیا کی آواز کو دبانے کے لیے حکومت اوچھے ہتھکنڈے کیوں استعمال کر رہی ہے؟

مظاہرے سے صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) پرویز شوکت، صدر نیشنل پریس کلب شکیل قرار، سابق صدر نیشنل پریس کلب فاروق فیصل خان، وقار ستی،  سابق صدر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس ارشد وحید چوہدری، سینیئر نائب صدر  پارلیمانی رپوٹرز ایسوسی ایشن اور دیگر میڈیا نمائندگان نے خطاب کیا۔

اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت سچ کی آواز بند کرنا چاہتی ہے اس لیے میڈیا پر مسلسل وار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاسی جماعتیں میڈیا کے ساتھ کھڑی ہیں۔

مظاہرے کے اختتام پر صحافیوں نے کیبنٹ ڈویژن کے سامنے علامتی دھرنا بھی دیا اور جاں بحق ہونے والے کیمرہ مین فیاض علی کے ادارے اور مالکان کے خلاف شدید نعرےبازی بھی کی۔

تازہ ترین