ملتان( سٹاف رپورٹر)پی ایم اے ملتان کے صدر پروفیسر مسعود ہراج،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر رانا خاور، ڈاکٹر مرتضی بلوچ،ڈاکٹرشیخ عبدالخالق،ڈاکٹر ذولقرنین حیدر،ڈاکٹر منظور واندر،ڈاکٹر وقار،ڈاکٹر عمران رفیق ودیگر ڈاکٹرز نےشہباز شریف ہسپتال میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہا کہ ضلع ملتان کے پرائمری وسیکنڈری ہسپتالوں میں مریضوں اور ڈاکٹرز کو درپیش مسائل اور اس کی بنیادی وجوہات کو اجاگر کیا جائے، ضلع ملتان کے ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو اور ٹائون ہسپتالوں میں کام کرنے والے کنسلٹنٹس حکومتی احکامات کے باوجود کئی ماہ سے شعبہ صحت کی لوکل انتظامیہ کی نااہلی اور بدنیتی کی وجہ سے ایف سی پی ایس الائونس سے محروم ہیں، انسینٹیو الائونس کے حصو ل میں جان بوجھ کے حکومتی وضاحت کے باوجود مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں، پی ایچ یو اور آر ایچ یو میں کام کرنے والے ڈاکٹرز پچھلے 6 ماہ سے ’’نان پریکٹس الائونس‘‘ حاصل کرنے میں ناکام ہیں جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع بشمول مظفر گڑھ میں ڈاکٹرز جو پریکٹس نہیں کرتے یہ الائونس لے رہے ہیں، سی ای او دفترمیں موجود2 کلرک الائونس لگانے کے لئے رشوت کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں، آر ایچ سی میں کام کرنے والے ڈاکٹرز ہسپتالوں میں سرکار ی رہائش نہ لینے کے باوجود ہائوس رینٹ اور کنوینس الائونس سے محروم ہیں،فنڈز میں کرپشن کی وجہ سے مریضوں کو آر ایچ سی میں ادویات اور علاج کی دیگر سہولیات میسر نہیں، سیکرٹری ہیلتھ، کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ ہے کہ سی ای او آفس میں موجود کرپٹ عناصر کو فوری ہٹایا جائے اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پہلے مرحلے میں ضلع ملتان کے تمام ہسپتالوں میں 27 جنوری کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا جس کے بعد دھرنے اور احتجاجی تحریک کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔