• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصطفیٰ کمال کی مہاجر و سندھ کارڈ کھیلنے والوں کو توبہ کی دعوت

مصطفیٰ کمال کی مہاجر و سندھ کارڈ کھیلنے والوں کو توبہ کی دعوت


پاک سرزمین پارٹی ( پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے مہاجر اور سندھ کارڈ کھیلنے والوں کو توبہ کی دعوت دے دی۔

لاڑکانہ میں عوامی جلسے سے خطاب میں پی ایس پی سربراہ نے کہا کہ آج سندھ ایک ہوگیا، کارکنوں نے میرے خوابوں کو تعبیر کی دنیا دکھادی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے کوئی ٹکڑے نہیں کرسکتا، مہاجر کارڈ اور سندھ کارڈ استعمال کرنے والوں کو دعوت دیتا ہوں کہ توبہ کریں۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ تمہیں پتہ ہے کہ کوئی سندھ الگ نہیں کرسکتا، سندھ پر کوئی بری نظر نہیں ڈال سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی ناکامی چھپانے کے لیے مہاجروں کے نام پر آواز لگاتے ہو کہ سندھ کے دو ٹکڑے کرو گے، مہاجر یہ نہیں چاہتا، مہاجر اپنے بھائیوں کے ساتھ سندھ کی خدمت کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے حکمران اپنی نااہلی اور کرپشن کو چھپانے کے لیے سندھی بھائیوں سے جھوٹ بولتے ہیں، سندھ میں ہر روز موت کا رقص ہوتا ہے، تھر میں بچے مر رہے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے اپنی تقریر میں ریاست مدینہ کا خصوصی طور پر تذکرہ کیا اور استفسار کیا کہ کیا تمہاری ریاست مدینہ پنجاب اور خیبر پختونخوا پر ختم ہوجاتی ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ میرے بھائیو، آپ میرا ساتھ دو، میں آپ کو حکمرانی دینا چاہتاہوں، تم میرا ساتھ دو تمہارے قدموں میں حکمرانی لاکر ڈالوں گا۔

پی ایس پی سربراہ نے دعویٰ کیا کہ آئین پاکستان میں ایسی چیزیں لکھ دیں گے کہ تمہاری گلی میں تمہیں حکمرانی ملے گی، ہم نئے شہر بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مجمع سے سوال کیا کہ آج تک الیکشن کو صاف و شفاف بنانے کے لیے کیا سیاسی جماعتوں نے الیکشن اصلاحات پر سر جوڑا ہے؟

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن صاف و شفاف کرانے سے متعلق قانون بنالیا گیا کہ دھاندلی نہ ہوسکے تو پھر یہ خود ہی غائب ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرا دشمن بھی مجھ پر ایک روپے کی چوری کا الزام نہیں لگاسکتا ہے۔

تازہ ترین