• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بولروں کی شاندار کارکردگی، حفیظ اور بابر کی جارحانہ بیٹنگ، دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست، پاکستان نے T20 سیریز جیت لی

پاکستان نے T20 سیریز جیت لی


لاہور(جنگ نیوز)پہلے میچ میں شعیب ملک نے زبردست بیٹنگ کی ۔15ماہ بعد پاکستانی ٹیم میں آنے والے محمد حفیظ نے49گیندوں پر67 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیل کر اپنے انتخاب کو درست ثابت کردکھایا۔مین آف دی میچ ایوارڈ کپتان بابر اعظم کو ملا انہوں نے 44گیندوں پر66ناٹ آوٹ رنز بنائے۔بولروں کی شاندار کارکردگی کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم کی جارحانہ بیٹنگ کے باعث پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل یکطرفہ مقابلے کے بعد بآسانی نو وکٹ سے جیت لیا۔پاکستان نے تین میچوں کی سیریز بھی جیت لی ۔ جمعے کوپہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستان کی جانب سے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں عمدہ فیلڈنگ کے علاوہ شعیب ملک کی نصف سنچری بھی نمایاں رہی۔صدر پاکستان عارف علوی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نظم الحسن بھی دوسرا ٹی ٹوئنٹی دیکھنے لاہور کے قذافی ا سٹیڈیم میں موجود تھے۔آخری میچ پیر کو کھیلا جائے گا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقا،سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف تین لگاتار ٹی ٹوئینٹی سیریز میں شکست ہوئی اور اس نے پہلی سیریز پندرہ ماہ کے وقفے کے بعد جیتی ہے۔ اکتوبر2018میں پاکستان نے آخری سیریز نیوزی لینڈ کے خلاف امارات میں جیتی تھی۔تجربہ کار محمد حفیظ اور دنیا کے صف اول کے بیٹسمین بابر اعظم نے دوسری وکٹ کی پارٹنر شپ میں 90گیندوں پر131رنز بناکر میچ کو آسان کردیا۔دونوں نے بنگلہ دیش کی کمزور بولنگ کے خلاف دل کھول کر اسٹروکس کھیلے۔ اس شراکت میں 16 چوکے،دو چھکے بھی لگائے گئے۔دونوں بیٹسمین عمدہ ٹائمنگ اور اسٹائلش انداز میں کھیلتے ہیں لاہور کی بے جان اور سست وکٹ پر انھیں آغاز میں کچھ وقت سیٹ ہونے میں لگا، لیکن دونوں نے یہ وقت ذمہ داری سے گزارا اور پھر جارحانہ انداز اپنا لیا۔ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹ پر136رنز بنائے۔جواب میں پاکستان نے ہدف بیس گیندیں پہلے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔پہلے انٹر نیشنل میچ میں36رنز بنانے والے احسان علی کوئی رن بنائے بغیرآوٹ ہوئے۔محمد حفیظ نے ایک کیچ ڈراپ ہونے کے بعد9چوکے اور ایک چھکا مارا۔بابر اعظم کی اننگز میںسات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی طرح ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔تمیم اقبال نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65 رنز بنائے لیکن عماد وسیم کی گیند پر رن آؤٹ ہوگئے جب کہ آخر میں بنگلادیش کے کپتان محمود اللہ حارث رؤف کی بال پر آؤٹ ہوگئے۔تمیم اقبال کا آسان کیچ وکٹ کیپر محمد رضوان نے چھوڑا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے نصف سنچری داغ دی۔شاہین آفریدی نے آغاز میں ہی اچھی بولنگ کی اور بنگلہ دیش کی جانب سے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے محمد نعیم کو اپنے پہلے اوور کی دوسری گیند پر آؤٹ کر دیا۔ابتدائی نقصان کے بعد بنگلہ دیشی بیٹنگ سنبھل نہ سکی۔ پاکستان کے دوسرے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین نے مہدی کو شارٹ گیند کروا کر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کرایا۔پاکستانی فاسٹ بولروں کی رفتار اور سوئنگ کے سامنے مہمان بیٹنگ بے بس دکھائی دی۔اسپنر شاداب خان نے بھی اپنے پہلے ہی اوور میں لٹن داس کو ایل بی ڈبلیو کر کے بنگلہ دیش کو مزید مشکلات میں ڈال دیا۔جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے عارف حسین کو محمد حسنین نے پویلین کی راہ دکھائی اور وہ تھرڈ مین پر کیچ دے بیٹھے۔پاکستان کی عمدہ فیلڈنگ صرف ایک میچ تک ہی محدود نہ رہی بلکہ آج بھی نصف سنچری بنانے والے تمیم اقبال ڈائریکٹ ہٹ کا شکار ہوئے۔اس طرح عمدہ بولنگ اور اچھی فیلڈنگ کی بدولت پاکستان کو جیت کے لیے صرف 137 رنز کا ہدف ملا۔پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے 2 جب کہ شاداب خان، شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تازہ ترین