یورپین دارالحکومت برسلز میں بھی کشمیریوں نے بھارتی یومِ جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔
اس حوالے سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) بیلجیئم کے کارکنوں نے بھارتی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ کیا، جس میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوئے۔
مظاہرے کے شرکاء مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، اسیروں کی رہائی، مودی حکومت کے حالیہ جارحانہ اقدامات اور آزادی کے حق میں مسلسل نعرے بازی کرتے رہے۔
اس مظاہرے کی قیادت چوہدری مشتاق دیوان، مرزا شبیر جرال، مسعود میر اور اشفاق قمر نے کی جبکہ کشمیر کونسل کی جانب سے یہاں نمائندگی سینئر نائب صدر خالد جوشی نے کی۔
مقررین نے اس موقع پر یورپین یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ ختم کروائیں اور وہاں حراست میں موجود عوام کی حقیقی سیاسی قیادت یاسین ملک سمیت تمام رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
اس کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کو ان کی سیاسی اور مستقبل کی زندگی کا فیصلہ حق خودارادیت کی بنا پر کرنے کا موقع فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔