تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: زینب
سوئیٹرز: پولکا ڈاٹس
آرایش:ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: عالیہ نثار
لے آؤٹ: نوید رشید
ان دِنوں مُلک بَھر میں شدید سردی ہے۔ کہیں یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے، تو کہیں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی ہے، جب کہ کئی وادیوں اور علاقوں میں برف کے گالوں کی تہیں جمنے سے فطری حُسن اور بھی نکھرسا گیا۔
مسعود حساس ؔنے بھی شاید ایسے ہی کسی حسین موسم سے متاثر ہوکر کیا خُوب کہا ہے؎’’ ہر طرف اُجلی دھنک، موسم ہُوا ہے برف برف…ندی نالے ہی نہیں، صحرا بنا ہے برف برف…اُڑ رہے ہیں روئی کے گالے فضاؤںمیں اسیر …ہے لہو بھی منجمد، چہرہ ہُوا ہے برف برف…مُسکرانا ایسے موسم میں کہاں آسان ہے…ہونٹ نیلے پڑ گئے ہیں، اِس پر ہَوا ہے برف برف …برف کی چادر ہے یا پھر برف کا ہے ریگ زار…دیکھتا ہوں جس طرف، عالم ہُوا ہے برف برف۔‘‘ اب جب کہ مُلک بَھر میں شدید سرد موسم کسی شوخ و شنگ محبوبہ کا سا رُوپ لیے ہوئے ہے، تو ہماری جانب سے بھی اِسی رُت کی عین مناسبت سےگرما گرم پیراہن کا ایک بہت دِل کش اور جدّت و ندرت سے بَھرپور انتخاب حاضرِ خدمت ہے۔
ذرا دیکھیے، بلیو جینز کے ساتھ سیاہ رنگ بیس پر ملٹی شیڈڈ اون کی دِل کش ڈیزائننگ میں فرنٹ اوپن سوئیٹر کیسا حسین لگ رہا ہے۔ آتشی گلابی اور سفید رنگوں کے کامبی نیشن میں پیپلم سوئیٹر فراک کی شان نرالی ہے،تو عنّابی رنگ فرنٹ اوپن فَر سوئیٹر کے بھی کیا ہی کہنے۔ پھر ایک جانب سلیٹی رنگ شِمری وولن شرٹ کی بیگی سلیوز پر بٹر فلائی موٹفس کی ہم آمیزی جچ رہی ہے،تو دوسری جانب جینز کے ساتھ پستئی رنگ وولن شرٹ پر قدرے بڑے موتی، ٹسلز کی آرایش بھی بہت خوش گوار تاثر دے رہی ہے۔ اور بےبی پنک رنگ شرٹ کے فرنٹ کی مشین ایمبرائڈری تو بس ہر ایک کا دِل ہی موہ لے گی۔
ان نرم گرم پہناووں میں سے کوئی بھی رنگ و انداز منتخب کرلیں،ہر لب پر آپ ہی کے قصیدے ہوں گے۔