• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی پاسپورٹ کے حاملین سعودی عرب نہیں آسکتے، سعودی وزیرخارجہ

کراچی، ریاض (شاہد نعیم، نیوز ڈیسک) سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے واضح کیا ہے کہ اسرائیلی پاسپورٹ کے حامل افراد کو مملکت میں خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے پیرکے روز سعودی وزیر خارجہ کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ ’’ہماری پالیسی طے شدہ ہے،ہمارے اسرائیل سے تعلقات استوار نہیں ہیں اور موجودہ صورت حال میں اسرائیلی پاسپورٹ کے حاملین مملکت میں نہیں آسکتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جب فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان امن معاہدہ طے پاجائے گا تو میرے خیال میں اسرائیل کو خطے کے امور میں شریک کرنے کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا۔‘‘ان کے اس بیان سے ایک روز قبل ہی اسرائیل نے مذہبی اور کاروباری مقاصد کے لیے اپنے شہریوں کو سرکاری طور پر سعودی عرب جانے کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔ اسرائیلی وزیر داخلہ الریح دیری نے اتوار کو اپنے شہریوں کے سعودی عرب جانے کے لیے حکم نامے پر دست خط کردیے تھے۔ان کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’’اس اقدام کی سکیورٹی اور سفارتی خدمات کے محکموں کے ساتھ رابطے کے ذریعے منظوری دی گئی ہے۔اب مسلمان عازمینِ حج وعمرہ کو مذہبی مقاصد کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت ہوگی‘‘۔  
تازہ ترین