• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ننھی ایتھلیٹ نے علی ظفر کے گانے کو نئی شکل دے دی


پاکستان کی 12 سالہ ایتھلیٹ ملاک فیصل ظفر نے گلوکار علی ظفر کے گانے ’اُڑیں گے‘ کو گلگت بلتستان میں اپنی پرفارمنس سے نئے انداز میں پیش کردیا۔

حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والی ملاک نے اپنے یوٹیوب چینل پر لکھا کہ انہیں پاکستان کے شمالی علاقہ جات سے پیار ہوگیا ہے، وادی ہنزہ کا دلکش حسن آنکھوں کو خیرہ کردیتا ہے۔

ملاک نے علی ظفر کے ساتھ اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ آپ اپنے کنسرٹس میں مصروف ہیں لیکن آپ میرے چینل کے ذریعے مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

علی ظفر نے بھی پہلی پاکستانی فگر اسکیٹر کی خوب پذیرائی کی اور کہا کہ آپ نے گانے کو اپنی پرفارمنس سے منفرد شکل میں ڈھالا۔

جواب میں ملاک نے علی ظفر کا شکریہ ادا کرتے  ہوئے انہیں اپنے لاہور میں موجود ہونے کے شیڈول سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ملاک نے علی ظفر سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنا نیا پروجیکٹ سب کے سامنے لانے سے پہلے انہیں بتانا چاہتی ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریا میں ملاک فیصل ظفر پہلا انٹرنیشنل ’فگر اسکیٹنگ‘ مقابلہ جیت چکی ہیں۔

بارہ سالہ ایتھلیٹ نے نہایت عمدہ صلاحتیوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام حریفوں کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔

ملاک نے 5 سال کی عُمر میں ’فگر اسکیٹنگ‘ میں اپنی دلچسپی ظاہر کی تھی اور اب 12 سال کی عُمر میں وہ پاکستان کی پہلی فگر اسکیٹر بن گئی ہیں، ملاک کا کہنا ہے کہ اُن کی خواہش ہے کہ وہ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔

تازہ ترین