• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ نے کیمپ آفسز کا راستہ بند کرنے کی منظوری دیدی، مراد سعید

کابینہ نے کیمپ آفسز کا راستہ بند کرنے کی منظوری دیدی، مراد سعید


وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ کابینہ نے صدر اور وزیراعظم کے کیمپ آفسز کا راستہ بند کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مراد سعید نے سابق سربراہان مملکت کے کیمپ آفسز کے حوالے تفصیلات پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زراری نے 3 جبکہ ان کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے 5 کیمپ آفسز بنا رکھے تھے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ شریف برادران نے لاہور شہر میں 5 کیمپ آفسز بنا رکھے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران 24 ہزار ارب روپے کا قرض لیا گیا، سابق حکمران ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنساگئے ہیں، یہ قرض ہم اتار رہے ہیں۔

مراد سعید نے یہ بھی کہا کہ آصف زرداری نے سیکیورٹی کے نام پر 163 ارب 73 کروڑ روپے کے اخراجات کیے۔

انہوں نے کہا کہ جاتی امرا کی سیکیورٹی پر 214 کروڑ روپے سے زائد کی رقم خرچ ہوئی، شریف برادران کے ذاتی گھر پر فینسنگ کے لیے 27 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد شہباز شریف نے رائیونڈ کی سیکیورٹی کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ نواز شریف کے بچوں کو بھی وزیراعظم کے جہاز میں لاہور سے اسلام آباد لایا اور لے جایا گیا۔

مراد سعید نے مزید کہا کہ نواز شریف نے لندن کے 25 پرائیویٹ دورے کیے، ایک ماہ میں ان (سابق حکمرانوں) سے یہ سارا پیسا وصول کرنا ہے۔

تازہ ترین