• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بیت المقدس اسرائیل کا دارالحکومت، ٹرمپ نے 2 ریاستی فارمولہ پیش کردیا، فلسطینی ناراض، مظاہرے شروع

امریکی صدر  نے اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کیلئے دو ریاستی فارمولہ پیش کردیا


واشنگٹن ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کیلئے اپنا دو ریاستی فارمولہ پیش کردیا، مشرق وسطیٰ کے لیے امن منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس اسرائیل کا ʼغیر منقسم دارالحکومت رہے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ مسلمانوں نے 1948ء میں تاریخی غلطی کی اب اس کا ازالہ کریں،ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت مسلم ریاستوں نے اسرائیلی ریاست کو تسلیم نہیں کیا اور اسرائیل پر حملے کا انتخاب کیا۔

امریکی صدر نے متحدہ عرب امارات، بحرین اور اومان کی جانب سے اپنے سفیروں کو وائٹ ہائوس بھیجنے پر ان ممالک کا شکریہ ادا کیا ۔ ٹرمپ نے حماس اور غز ہ کو غیر مسلح کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ 

ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس پر واضح کردیا تھا کہ مستقبل کی فلسطینی ریاست کیلئے مختص علاقے میں 4سال تک تعمیرات کی اجازت نہیں ہوگی۔ 

اسرائیل کیلئے امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ مین نے کہا ہے کہ اسرائیل کسی بھی وقت فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں آباد غیر قانونی آبادیوں کو اسرائیل میں شامل کرسکتا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ٹرمپ کے امن منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے۔

نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ وہ مغربی کنارے میں اپنے زیر تسلط علاقوں کا قبضہ نہیں چھوڑے گا ۔ برطانوی وزیراعظم کے دفتر نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا مشرق وسطیٰ امن منصوبہ مثبت اقدام ثابت ہوگا۔

امریکی صدر کے اعلان کیخلاف فلسطینیوں کے احتجاجی مظاہرے،رملہ اور غزہ سمیت کئی شہروں میں ہزاروں فلسطینیوں کا احتجاج، اسرائیلی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ۔

وائٹ ہائوس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں امریکی نے کہا کہ فلسطین کا ʼدارالحکومت مشرقی بیت المقدس میں ہوگا تاہم انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے کے تحت مغربی کنارے کو تقسیم نہیں کیا جائے گا یعنی مغربی کنارے میں اسرائیلی قبضے میں موجود علاقوں کو فلسطینی ریاست میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ 

ٹرمپ نے فلسطینی صدر محمود عباس کو مخاطب کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ آپ کو ہمارا امن منصوبہ تسلیم کرنا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ اگر آپ ہمارا امن منصوبہ تسلیم کریں تو ہم آپ کی مدد کریں گے۔ 

ٹرمپ نے حماس اور غز ہ کو غیر مسلح کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ ٹیمپل ماوئنٹ پر تمام مذاہب کے ماننے والوں کیلئے اسٹیٹس کو برقرار رہے گا۔وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ فلسطین کی مستقبل کی مجوزہ ریاست کو غیر مسلح کیا جائے گا ۔

تازہ ترین