• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیت المقدس برائے فروخت نہیں، فلسطینی صدر محمود عباس

کراچی (نیوز ڈیسک)فلسطین نے ٹرمپ کا امن منصوبہ مسترد کردیا ، امریکی صدر کے اعلان کیخلاف فلسطینی تنظیمیں فلسطینی لبریشن آرگنائزیشن ، حماس اور اسلامی جہاد متحد ہوگئے۔

امریکی صدر کے اعلان کے بعد رملہ میں فلسطینی صدر محمود عباس نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس برائے فروخت نہیں، ہمارے حقوق برائے فروخت نہیں، آپ کا سازشی منصوبہ کامیاب نہیں ہوگا ، ان کے خطاب کے موقع پر فلسطینی لبریشن آرگنائزیشن ، حماس اور اسلامی جہاد کے ارکان نے بھی شرکت کی جو ٹرمپ اور نیتن یاہو کیخلاف فلسطینیوں کے اتحاد کا مظہر ہے۔

حماس کے عہدیدار نے کہا کہ امن منصوبے پر ٹرمپ کے بیانات ʼجارحانہ ہیں اور یروشلم کے لیے امریکی صدر کی تجاویز ʼبکواس ہیں۔غزہ کی پٹی میں حماس گروپ کی رہنمائی کرنے والے سمیع ابو زہری نے برطانوی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ʼٹرمپ کا بیان جارحانہ ہے اور اس سے سخت غم و غصہ پیدا ہوگا۔ 

روس نے ٹرمپ کے منصوبے کے اعلان کے بعد اسرائیل اور فلسطین پر زورد یا ہے کہ وہ براہ راست مذاکرات کریں ۔ عرب لیگ نے امریکی صدر کے منصوبے کے اعلان کے بعد ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ 

امریکی صدر کے اعلان کردہ منصوبے کے بعد حماس اور الفتح کے درہنماوں میں ملاقات ہوگی ۔ الفتح کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہم نے حماس کو ہنگامی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔ امریکی صدر کے امن منصوبے کے اعلان کے بعد عرب لیگ نے بھی ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے ۔

تازہ ترین