مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ حکومت تمام اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے میں مخلص ہے جبکہ ہم عمران خان کے ساتھ مخلص اور نیک نیتی کے ساتھ چل رہے ہیں۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدی شجاعت حسین سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ملاقات کی ہے۔
دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت منجھے ہوئے سیاستدان ہیں،انہوں نے ہمیشہ جوڑنے کی بات کی ہے۔
جام کمال نے کہا کہ چوہدری شجاعت نے ہر مشکل مرحلے پر اپنی مثبت تجاویز سے حل نکالا ہے۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ ہمیں عہدوں یا وزارت کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہم چاہتے ہیں ملک معاشی طور پر مضبوط ہو تاکہ ملک پر چھائے مہنگائی کے بادل چھٹ جائیں۔