کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نےشکوہ کیا ہے کہ پی ایس ایل فائیو میں ان کی ٹیم کو مسلسل سفر میں رہنا ہوگا جس سے کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار ہوسکتے ہیں۔میں نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے ٹورنامنٹ کے شیڈول پر اعتراض بھی کیا ہے ۔پی سی بی نے ایک جانب ٹورنامنٹ کے لئے غیر ملکی کھلاڑیوں کو ڈرافٹ میں شامل کرکے بڑا کام کیا ہے لیکن کوئٹہ کو چاروں سینٹرز میں میچ دے کر مسلسل جہازوں میں سفر کرایا جارہا ہے۔وہ بدھ کو کراچی میں اپنے آفس میں ماسٹر آئل کے ساتھ اسپانسر شپ معاہدے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر اسپانسرز کے نمائندہ تابش جاوید اور کاوش جاوید کے علاوہ کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد،ہیڈ کوچ معین خان اور منیجر اعظم خان بھی موجود تھے۔کوئٹہ کی نئی کٹ میں دیگر اسپانسرز کے ساتھ جنگ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ندیم عمر نے کہا کہ ماسٹر آئل کے ساتھ مسلسل چوتھے سال اسپانسر شپ کا معاہد ہ ہوا ہے۔ کوئٹہ نے حال ہی میں جنگ گروپ کو میڈیا پارٹنر بنایا ہے۔ یہ فرنچائز ایک فیملی کی طرح ہے جس میں ہر اسپانسرز کے ساتھ ہماری طویل رفاقت ہے۔ مشہور آئل بنانے والی کمپنی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ڈائمنڈ اسپانسرز کی فہرست میں شامل ہے۔ 20؍ فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔ کوئٹہ کو ابتدائی تین میچ نیشنل اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اورکراچی کنگز کیخلاف کھیلنا ہیں۔ 27؍ فروری کو کوئٹہ نے چوتھا میچ پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلنا ہے۔ 29؍ فروری کو اسے ملتان کیخلاف ملتان میں میچ میں شرکت کرنا ہے۔ تین مارچ کو کوئٹہ کو میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز کیخلاف ہے۔ پانچ فروری کو کوئٹہ کو دوبارہ پنڈی کا سفر کرنا ہوگا جہاں اس کا میچ پشاور زلمی سے ہوگا۔ 7؍ مارچ کو کوئٹہ کو لاہور میں لاہور قلندرز سے مقابلہ کرنا ہے۔ 11؍ مارچ کو کوئٹہ اورملتان کا میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 15؍ مارچ کو کوئٹہ نے ایک بار پھر کراچی آکر آخری میچ نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے خلاف کھیلنا ہے۔ ندیم عمر نے ٹورنامنٹ کے شیڈول کے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک ٹیم کو ایک سینٹر میں8میچ دے دیئے گئے جبکہ ہمیں ایک سینٹر سے دوسرے سینٹر سفر کرایا جائے گا۔ شیڈولنگ کرتے وقت ہمارے کھلاڑیوں کے آرام کا بھی خیال نہیں رکھا گیا۔ ندیم عمر نے کہا کہ مشکلات کے باوجود ہماری ٹیم اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کرے گی، سرفراز احمد ہمارے کپتان ہیں اور ایک دن پہلے ان کے گھر بیٹی کی ولادت ہوئی ہے، بیٹی کی پیدائش سے امید یہی ہے کہ ہماری ٹیم مزید فتوحات حاصل کرے گی، سرفراز جب تک کرکٹ کھیلیں گے وہ ہمارے کپتان رہیں گے، سرفراز اور معین خان کی شراکت میں ہماری ٹیم نے61فیصد میچ جیتے ہیں ۔سرفراز احمد پاکستان کرکٹ کلب اور عمر ایسوسی ایٹس کے بھی کپتان ہیں کلب میچوں میں بھی ہمیں ہار قبول نہیں ہے۔ہمارا نظریہ یہ ہے کہ سو فیصد کارکردگی دکھائیں کوشش کریں ہارجیت کھیل کا حصہ ہے۔ندیم عمر نے کہا کہ ا س بار پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں متوازن اور مضبوط ہیں ہم کوشش کریں گے کہ ٹائیٹل جیتیں۔